لاہور ،قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کی نومنتخب امیر جماعت سینیٹر سراج الحق کو فون ، امیر جماعت منتخب ہونے پر استقامت اور کامیابی کی دعا دی

جمعہ 22 مارچ 2019 19:28

لاہور ،قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کی نومنتخب امیر جماعت ..
ٴلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2019ء) جماعت اسلامی کے قائم مقام امیر و ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے نومنتخب امیر جماعت سینیٹر سراج الحق سے سعودی عرب میں فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہیں امیر جماعت منتخب ہونے پر استقامت اور کامیابی کی دعا دی اور کہا کہ ان شاء اللہ ارکان جماعت کا آپ پر اعتماد جماعت اسلامی کیلئے نیک فال ثابت ہوگااور آپ کی قیادت میں جماعت اسلامی، نظریاتی انقلاب کی جدوجہد میں ضرور کامیاب ہوگی اور اپنی منزل مقصود کو حاصل کرے گی۔

لیاقت بلوچ نے منصورہ میں جامع مرکز علوم اسلامیہ کی سالانہ تقریب ختم بخاری و دستار بندی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس پوری کائنات کیلئے رحمت ہیں ۔مدارس اپنا کام چھوڑ دیں تو زندگی کی کھیتی سوکھ جائے اورانسانیت مردہ ہوجائے۔

(جاری ہے)

مذہب بیزار اور مادر پدر آزاد طبقہ قیام پاکستان کے اصل مقصد کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔سیکولر اورلبرل ازم کے ماننے والے ملک میں اباحیت اور فحاشی کا بیج بورہے ہیں اور پاکستان کی اسلامی شناخت اور تشخص کو نقصان پہنچانے کیلئے مدارس کو دہشت گردی اور انتہا پسندی سے جوڑ رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور ریاست دینی مدارس پر غلبہ پانے کے اقدام کو ترک کردیں ۔حکومت تعلیمی اداروںکو سنبھالنے میں ناکام ہوچکی ہے اسے دینی مدارس کے نظام کو تباہ نہیں کرنے دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ دینی مدارس اور قرآن و سنت کی تعلیم کی ہر قیمت پر حفاظت کی جائے گی۔حکومت یکساں اور غیر طبقاتی نظام تعلیم نافذ کرے ۔حکومت اور پالیسی ساز اداروں کو اغیار کے ذہنی غلاموں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے جو ملک میں اسلامی شعار کے خلاف سازشیں کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں قرآن و سنت کو بالا دست اور اللہ کی حاکمیت کو تسلیم کیا گیا ہے ۔تقریب سے پروفیسر محمد ابراہیم اور شیخ القرآن و الحدیث مولانا عبد المالک نے بھی خطاب کیا۔دریں اثنا لیاقت بلوچ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان سے دودن قبل بھارتی سپریم کورٹ نے سمجھو تہ ایکسپریس کے مجرم ہندوانتہا پسندوں اور دہشت گردوں کو بری کرکے ثابت کردیا ہے کہ بھارتی جمہوریت اور سیکولر ازم ڈھونگ ہے اور بھارت کی اعلیٰ ترین عدالتیں بھی ہندو انتہا پسندوں کے خوف اور دبائو میں ہیں ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان بھارتی سپریم کورٹ کے اس فیصلے کو عالمی عدالت میں چیلنج کرے اور بھارتی عزائم اور مکروہ کردار کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے ۔لیاقت بلوچ نے ملائشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کیا ہے ۔