کم ترین اننگز میں 1000رنز، حارث سہیل نے ظہیر عبا س او ر محمد یوسف کو پیچھے چھوڑ دیا

مڈل آرڈر بلے باز نے26اننگز میں یہ کارنامہ سر انجام دیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 22 مارچ 2019 19:54

کم ترین اننگز میں 1000رنز، حارث سہیل نے ظہیر عبا س او ر محمد یوسف کو پیچھے ..
شارجہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22مارچ 2019ء) قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل نے کم ترین اننگز میں 1000ون ڈے رنز مکمل کرنے کا ایشین بریڈمین ظہیر عباس اور سابق کپتان محمد یوسف کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔29سالہ حارث سہیل نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میں اپنی پہلی سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ 1000رنز بھی مکمل کیے،انہوں نے یہ کارنامہ 26 ویں اننگزمیں سر انجام دیا،پاکستان کے لیے کم ترین اننگز میں1000رنز سکور کرنے کا ریکارڈ فخر زمان کے پاس ہے جنہوں نے18اننگز میں یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا ،امام الحق نے19اننگز کھیل کر اپنے ایک ہزار ون ڈے رنز مکمل کیے،بابر اعظم نے21ویں اننگز میںہزار رنز مکمل کیے،اظہر علی نے اس اعزاز تک پہنچنے کے لیے23اننگز کھیلیں،یاسر حمید نے24اور ناصر جمشید نے25اننگز کھیل کر یہ اعزاز اپنے نام کیا،ایشین بریڈ مین ظہیر عباس نے26اور محمد یوسف نے27اننگز کھیل کر ہزاررنز مکمل کیے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان نے پہلے ایک روزہ میچ میں عالمی چیمپئن آسٹریلیا کو جیت کے لیے 281رنز کا ہدف دیدیا ہے ۔شارجہ میں کھیلے جارہے پہلے ایک روزہ میچ کا ٹاس قومی ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ امام الحق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا لیکن امام 35 رنز کے مجموعی سکور پر 17 رنز بنانے کے بعد نیتھن لیون کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔

شان مسعود اور حارث سہیل نے دوسری وکٹ کے لیے 43رنز جوڑے جس کے بعد شان مسعود بھی 40 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹ گئے۔عمراکمل اور حارث سہیل نے تیسری وکٹ کے لیے98رنز کی شراکت داری قائم کی اور اس دوران حارث سہیل نے اپنی11ویں نصف سنچری بھی مکمل کی جس کے عمر اکمل بڑا شاٹ لگانے کی کوشش کرتے ہوئے 3 چھکوں کی مدد سے49رنز بنا کر کورٹنائل کا شکار بن گئے ،کپتان شعیب ملک میکسویل کے اوور میں چھکا اور چوکا لگانے کے بعد11رنز بنا کر بولڈ ہوگئے،حارث سہیل اور فہیم اشرف نے پانچویں وکٹ کےلئے49رنز جوڑے جس کے بعد فہیم اشرف24رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، عماد وسیم نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 13 گیندوں پر 23 رنز بنائے، انکی اننگز میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا ،حارث سہیل نے اپنی پہلی ون ڈے سنچری مکمل کی،وہ101رنز بناکر ناٹ آﺅٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کوٹرنائل اور میکسویل نے 2،2 اور نیتھن لائن نے ایک وکٹ حاصل کی۔