Live Updates

بلاول بھٹو کا جیل جا کر نواز شریف کی تیمار داری کرنا سیاست میں نیک شگون ہے ‘ حمزہ شہباز

فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع ملک کیلئے بہتر ہے تو اتفاق رائے کیلئے بات ہونی چاہیے ، عمران خان نے اپنے گھر کیلئے این آر او دیا ہم نے نیب کو بھگت لیا جب تک حکومت نہیں بھگتے گی ان کو سمجھ نہیں آئے گی،حکومت خود جمہوریت کی گاڑی کو آگ لگانے کی کوششیں کر رہی ہے نواز شریف کیوں ڈیل کریں گے ہم ڈیل عوام سے کریں گے،ایک کارکن کی طرح کام کرتا رہوں گا ‘ قائد حزب اختلاف کی گفتگو

ہفتہ 23 مارچ 2019 00:15

بلاول بھٹو کا جیل جا کر نواز شریف کی تیمار داری کرنا سیاست میں نیک شگون ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کا جیل میں جا کر نواز شریف کی تیمار داری کرنا سیاست میں نیک شگون ہے ،قومی مفاد میں مل کر کام کریں گے ،اگرفوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع ملک کیلئے بہتر ہے تو اتفاق رائے کیلئے بات ہونی چاہیے ، عمران خان نے اپنے گھر کیلئے این آر او دیا ،ہم ڈیل عوام سے کریں گے،نیب کی کارروائیوں سے ملک بھر میں لوگ خوفزدہ ہیں ، اسد منیر کا واقعہ نیب کارروائیوں کی انتہا ہے،ہم نے نیب کو بھگت لیا جب تک حکومت نہیں بھگتے گی ان کو سمجھ نہیں آئے گی،حکومت خود جمہوریت کی گاڑی کو آگ لگانے کے لیے کوششیں کر رہی ہے، ہم ملک میں عدم استحکام نہیں چاہتے بلکہ حکومت کو موقع دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ فوجی عدالتیں مسلم لیگ (ن) کے دور میں قائم ہوئیں اور اسی دور میں توسیع بھی ہوئی تھی ۔ پولیس ، رینجرز اور پاک فوج کے جوانوں نے دہشتگرد ی کیخلاف جنگ میں شہادتیں دیں ، اگر فوجی عدالتوں میں توسیع دہشتگردی کو کنٹرول کرنے اور ملک کے لئے بہتر ہے تو اتفاق رائے کے لئے بات ہونی چاہیے ۔ انہوںنے نواز شریف کی صحت کے حوالے سے کہا کہ وہ دل کے عارضہ میں مبتلا ہیں اور ان کا مرض پیچیدہ ہے ، انہیں گردوں کا عارضہ بھی لا حق ہے ، ان کے ڈاکٹرز برطانیہ میں ہیں اور صحت کو ترجیح ملنی چاہیے ،اگر ان کا علاج باہر بہتر ہو سکتا ہے تو سب سے پہلے صحت ہے اور پھر سیاست ہے ،نو مولود سیاست دان نوازشریف کی صحت پر سیاست کر رہے ہیں ۔

انہوں نے بلاول بھٹو کی نواز شریف سے ملاقات کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ہماری کوئی ذاتی دشمنیاں نہیں لیکن آج کے حکمرانوں نے ذاتی دشمنیاں بنا دی ہیں۔ بلاول بھٹو کا جیل جا کر نواز شریف کی تیمار داری کرنا سیاست کے لئے نیک شگون ہے یہ بات چیت آگے چلتی رہے گی ۔ انہوں نے اس سوال کہ مستقبل میں مریم نواز یا حمزہ شہباز میں سے کون (ن) لیگ کی قیادت سنبھالے گا کے جواب میں کہا کہ حمزہ شہباز ایک سیاسی کارکن ہے اور اسی جذبے کے تحت کام کرتا رہے گا،تقدیر اللہ تعالیٰ لکھتا ہے اور جو لکھا جاتا ہے وہی ہوتا ہے ، اس طرح کی قیاس آرائیاں مشرف دور میں بھی ہوئیں تھیں کہ شہباز شریف وزیر اعظم بن جائیں گے اور بڑے بھائی کو چھوڑ دیں گے لیکن وقت کے ساتھ یہ قیاس آرائیاں دم توڑ جاتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہکیا بیمار بیوی کو چھوڑ کر آنے اور بیماری میں جیل کاٹنے والا اب ڈیل کرے گا ، انہیں ڈیل کرنے کی کیا ضرورت ہے ، ڈیل ہم عوام کے ساتھ کریں گے، عمران خان نے اپنے گھر کے لئے این آر او دیا اور اثاثوں کیلئے راتوں رات قانون بنا دیا گیا ، ایک ریڑھی والے اور دکان کی تجاوزات تو ہٹا دی گئیں لیکن بنی گالہ وہی ہے اور غریبوں کو منہ چڑھا رہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب میں حکومت کا چوں چوں کا مربہ ہے ،ہمیں اقتدار کا لالچ نہیں ہم چاہتے ہیں یہ عوام میں ایکسپوز ہوں،تاہم عوام جب چاہیں گے ہم حکومت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی کاروائیوں سے ملک بھر میں لوگ خوفزدہ ہیں ، اسد منیر کا واقعہ نیب کارروائیوں کی انتہا ہے،نیب سیاست زدہ ہو چکا ہے اسکے قوانین تبدیل کرنا ناگزیز ہو چکے ہیں،نیب قوانین کو تبدیل نہ کیا تو ملک کا بہت نقصان ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے نیب کو بھگت لیا جب تک حکومت نہیں بھگتے گی ان کو سمجھ نہیں آئے گی،حکومتی وزرا ء کھیل تماشہ کر رہے ہیں ، چور ڈاکو عمران خان کی صفوں میں بیٹھیں ہیں ،جن پر ریفرنس ہیں وہ حکومت میں بیٹھیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خود جمہوریت کی گاڑی کو آگ لگانے کے لیے کوششیں کر رہی ہے، ہم ملک میں عدم استحکام نہیں چاہتے بلکہ حکومت کو موقع دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام حکومت سے بیزار ہو چکی ہے عوام انکے جھوٹ سچ کا فیصلہ کرے گی ۔ انہوںنے کہا کہ خارجہ امور پر عمران خان کی بچگانہ سوچ ہے ،آئی ایم ایف کے پاس جانے اورنہ جانے کے حوالے سے گو مگو کی صورتحال نے معیشت کا ستیاناس کر دیا۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شہباز شریف کے جہاز کو آگ لگی تھی اس لئے وہ وزیراعظم کاجہاز استعمال کرتے رہے ،شہباز شریف نے بطور وزیر اعلیٰ سرکاری کاموں کے لیے نیا جہاز خریدنے کی بجائے وزیر اعظم نواز شریف کا جہاز استعمال کیا ۔جبکہ وزیراعظم عمران خان نے سیر سپاٹوں کے لیے خیبر پختوانخواہ کا ہیلی کاپڑ استعمال کیا اس کاحساب دیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات