نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن کی تصویر دبئی کے برج خلیفہ پر آویزاں کر دی گئی

سانحہ کرائسٹ چرچ دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے بے حد تکلیف دہ تھا، تاہم اس موقع پر جسینڈا آرڈرن کی ہمدری اور طرز عمل نے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے دل جیت لیے: حکمراں دبئی شیخ محمد بن راشد المکتوم

muhammad ali محمد علی جمعہ 22 مارچ 2019 22:16

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن کی تصویر دبئی کے برج خلیفہ پر آویزاں ..
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2019ء) نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن کی تصویر دبئی کے برج خلیفہ پر آویزاں کر دی گئی، اس حوالے سے حکمراں دبئی شیخ محمد بن راشد المکتوم کا کہنا ہے کہ سانحہ کرائسٹ چرچ دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے بے حد تکلیف دہ تھا، تاہم اس موقع پر جسینڈا آرڈرن کی ہمدری اور طرز عمل نے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے دل جیت لیے۔

تفصیلات کے مطابق حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد المکتوم کی جانب سے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن کیلئے خصوصی پیغام جاری کیا گیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر جاری کیے گئے پیغام میں حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد نے ایک تصویر پوسٹ کی جس میں نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن کی تصویر دبئی کے برج خلیفہ پر آویزاں ہے۔

(جاری ہے)

اس تصویر کے ساتھ شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اپنا پیغام دیتے ہوئے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

شیخ محمد راشد کا کہنا ہے کہ سانحہ کرائسٹ چرچ دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے بے حد تکلیف دہ تھا، تاہم اس موقع پر جسینڈا آرڈرن کی ہمدری اور طرز عمل نے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے دل جیت لیے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے جمعہ کے روز اپنے ایک اور عمل سے مسلمانوں کے دل جیت لیے۔ وزیراعظم نیوزی لینڈ جسنیڈا آرڈرن نے نیوزی لینڈ کے ہیگلے پارک میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے قبل حضور پاکﷺ کی حدیث مبارک پڑھ کر سناتے ہوئےخطاب کا آغاز کیا۔

جس کا مفہوم تھا " حضور ﷺ نے فرمایا جو ایمان رکھتے ہیں،ان کی باہمی رحم دلی،ہمدردی اور احساس ایک جسم کی مانند ہوتا ہے۔اگر جسم کے کسی ایک حصے کو بھی تکلیف ہوتی ہے تو سارا جسم درد محسوس کرتا ہے۔وزیراعظم نے حدیث پڑھنے کے بعد مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کا اظہار یکجہتی کیا اور کہا کہ نیوزی لینڈ آپ کے ساتھ دکھ میں شریک ہے اور ہم سب ایک ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جمعہ کے خطبے کے دوران نیوزی لینڈ وزیراعظم رو پڑیں تھیں۔اس موقع پر بھی نیوزی لینڈ وزیراعظم سیاہ رنگ کے لباس میں ملبوس تھیں اور انہوں نے سر پر دوپٹہ بھی اوڑ رکھا تھا۔
ہیگلے پارک میں مختلف مذاہب اورعقیدوں سے تعلق رکھنے والے افراد بہت بڑی تعداد میں موجود تھے جن میں مرد و خواتین اوربچے بھی شامل تھے۔

اسکارف پہنے وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈن نے اس موقع پر مختصر پیغام میں حدیث رسول اکرم ﷺ بیان کی اور کہا کہ جسم کے ایک حصے میں تکلیف ہو تو باقی پورا جسم بھی درد کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دکھ اور افسوس کی اس گھڑی میں ساتھ ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ آئندہ بھی اکھٹے ہوں گے۔
نماز جمعہ کے بعد شہداء کی یاد اور متاثرہ خاندانوں سے اظہاریکجہتی لیے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جس کے بعد امام مسجد نے خطبہ پیش کیا۔خطبے میں پیش امام جمال فودا کا کہنا تھا کہ سفید فارم نسل پرستی کا نظریہ ہمیں نقصان پہنچا سکتا ہے، ہمارے دل ٹوٹے ہوئے اور زخمی ہیں مگرہم نہیں ٹوٹے ۔ ہم متحد ہیں اور متحد رہیں گے ۔