وزیراعلی سندھ کی نیپا چورنگی اور نرسری میں مفتی تقی عثمانی کی گاڑی پر فائرنگ اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی پرزور مذمت

مذموم عناصر شہر میں امن اور یکجہتی کی فضا کو تباہ کرنے کے درپے ہیں مگر ہم آہنی ہاتھوں سے انکے مذموم مقاصد کو خاک میں ملا دیں گے، وزیراعلیٰ سندھ

ہفتہ 23 مارچ 2019 00:02

وزیراعلی سندھ کی نیپا چورنگی اور نرسری میں مفتی تقی عثمانی کی گاڑی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے نیپا چورنگی اور نرسری کے علائقہ میں مفتی تقی عثمانی کی گاڑی پر فائرنگ اور ٹارگیٹ کلنگ کے واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مذموم عناصر شہر میں امن اور یکجہتی کی فضا کو تباہ کرنے کے درپے ہیں مگر ہم آہنی ہاتھوں سے انکے مذموم مقاصد کو خاک میں ملا دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ شہر کے لوگوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بے پناہ قربانیوں کی بدولت شہر میں امن بحال ہوا ہیاور اب ہمیں یہ عزیز ہے کہ اور ہم کسی کو بھی اس امن کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انھوں نے پولیس اور رینجرز کو شہر میں ٹارگیٹڈ آپریشن کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی ہاس سے جاری ہونے والے بیان میں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ انھوں نے شہر میں ہونے والے فائرنگ کے دونوں واقعات کا سختی سے نوٹس لیا ہے جس کے نتیجہ میں معصوم انسانی جانیں بشمول ایک پولیس اہلکار ضایع ہوئیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے جان بحق ہونے والے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انھیں یقین دلایا کہ انکے پیاروں کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ انھوں نے آئی جی پولیس اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے بات بھی کی اور انھیں شہر میں مجموعی امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور قاتلوں اور انکے ساتھیوں کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ شہر میں پی ایس ایل کا کامیاب اور پر امن انعقاد اور تجارتی ، سماجی اور تعلیمی سرگرمیوں کا فروغ کراچی اور پاکستان کے دشمنوں کو ناقابل قبول ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم دہشتگردوں، قانون شکنوں اور ڈرگ مافیا کے خلاف سخت ٹارگیٹڈ آپریشن شروع کرنے جارہے ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے اسپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی کو ہدایت کی کہ وہ حملے کی تحقیقات کریں اور شہر کی پرامن فضا کو تباہ کرنے میں ملوث گروپس کی نشاندہی کرکے انکا خاتمہ عمل میں لایا جائے۔