پہلا و ن ڈے،آسٹریلیا نے پاکستان کو8 وکٹوں سے شکست دیدی

کپتان ایرون فنچ کی فارم میں واپسی،حارث سہیل کی پہلی ون ڈے سنچری رائیگاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 22 مارچ 2019 23:41

پہلا و ن ڈے،آسٹریلیا نے پاکستان کو8 وکٹوں سے شکست دیدی
شارجہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22مارچ 2019ء) پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 8وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں ایک،صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔پاکستان کے281رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کے لیے عثمان خواجہ اور ایرون فنچ نے اننگز کا آغاز کیا اورپہلی وکٹ کے لیے63رنز جوڑے جس کے بعد عثمان خواجہ24رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بنے،ایرون فنچ اور شان مارش نے دوسری وکٹ کےلئے172رنز جوڑے اور دوران فنچ نے اپنی12ویں سنچری بھی مکمل کی جس کے بعد فنچ116رنز سکور کرکے محمد عباس کی پہلی ون ڈے وکٹ بنے،مارش اور ہینڈ سکومب نے 46رنز کی ناقابل شکست شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو کامیابی دلائی ، مارش 91اور ہینڈ سکومب 30رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے ،پاکستان کے لیے فہیم اشرف اور عباس نے ایک ،ایک وکٹ لی ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل شارجہ میں کھیلے جارہے پہلے ایک روزہ میچ کا ٹاس قومی ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ امام الحق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا لیکن امام 35 رنز کے مجموعی سکور پر 17 رنز بنانے کے بعد نیتھن لیون کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ شان مسعود اور حارث سہیل نے دوسری وکٹ کے لیے 43رنز جوڑے جس کے بعد شان مسعود بھی 40 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹ گئے۔

عمراکمل اور حارث سہیل نے تیسری وکٹ کے لیے98رنز کی شراکت داری قائم کی اور اس دوران حارث سہیل نے اپنی11ویں نصف سنچری بھی مکمل کی جس کے عمر اکمل بڑا شاٹ لگانے کی کوشش کرتے ہوئے 3 چھکوں کی مدد سے49رنز بنا کر کورٹنائل کا شکار بن گئے ،کپتان شعیب ملک میکسویل کے اوور میں چھکا اور چوکا لگانے کے بعد11رنز بنا کر بولڈ ہوگئے،حارث سہیل اور فہیم اشرف نے پانچویں وکٹ کے لیے49رنز جوڑے جس کے بعد فہیم اشرف24رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، عماد وسیم نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 13 گیندوں پر 23 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا ،حارث سہیل نے اپنی پہلی ون ڈے سنچری مکمل کی،وہ101رنز بناکر ناٹ آﺅٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کوٹرنائل اور میکسویل نے 2،2 اور نیتھن لائن نے ایک وکٹ حاصل کی۔قومی ٹیم میں شان مسعود اور محمد عباس نے ون ڈے کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔قومی ٹیم میںشعیب ملک( کپتان )، شان مسعود، امام الحق، حارث سہیل، عمراکمل، محمد رضوان، عماد وسیم، یاسر شاہ، فہیم اشرف، محمد عامر اور محمد عباس شامل ہیں۔آسٹریلیوی ٹیم ایرون فنچ کی قیادت میں عثمان خواجہ، پیٹر ہینڈز کومب، گلین میکسویل، مارکوس سٹوئنس، شان مارش، ایلکس کیری، نیتھن کورلٹنائل، جے رچرڈسن، نیتھن لیون اور ایڈم زامپا شامل ہیں۔