Live Updates

وقت کا تقاضا ہے کہ قبائلیوں کی بے پناہ خدمات و قربانیوں کے صلے میں انہیں ترقی کے قومی دھارے میں بھرپور نمائندگی دی جائے، تیمور سلیم جھگڑا

) وفاقی اور خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومتیں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع کی ترقی وخوشحالی کے لئے جامع پالیسی کے تحت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہیں، صوبائی حکومت تعمیر وترقی کے منصوبوں کو عوام کی مکمل مشاورت سے شروع کرے گی،صوبائی وزیرخزانہ

جمعہ 22 مارچ 2019 23:55

=پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2019ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑانے کہا ہے کہ قبائلی عوام نے قیام پاکستان سے لے کر اب تک ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں دیگر لوگوں سے بڑھ کر حصہ لیا ہے او ر اب موجودہ وقت کا تقاضا ہے کہ ان کی بے پناہ خدمات و قربانیوں کے صلے میں انہیں ترقی کے قومی دھارے میں بھرپور نمائندگی دی جائے تاکہ ان کی برسوں کی محرومیوںکا ہرممکن ازالہ کیا جاسکے۔

وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں وفاقی اور خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومتیں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع کی ترقی وخوشحالی کے لئے جامع پالیسی کے تحت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع مہمند کے پہلے دورے کے موقع پر قبائلی عمائدین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ضلع مہمند پہنچنے پر قبائلی عوام اور پاکستان تحریک انصاف کے پارٹی کارکنان نے وزیر خزانہ کا والہانہ استقبال کیا اور انہیں پختون روایات کے مطابق قبائلی پگڑی بھی پہنائی گئی۔

وزیر خزانہ نے اس موقع پراجتماع کے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت صوبے کے دیگر اضلاع کے مقابلے میں قبائلی اضلاع کی تعمیر وترقی پرترجیحی بنیادوں پر توجہ دے رہی ہے تاکہ قبائلی عوام سے کئے گئے وعدوں اور فاٹا کے انضمام کو حقیقی معنوں میں پورا کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے تمام صوبائی کابینہ ممبران کوہدایت کی ہے کہ اپنے حلقہ انتخاب کی بجائے قبائلی اضلاع کی ترقی و خوشحالی پرزیادہ توجہ مرکوزرکھیں ۔

تیمور سلیم نے کہا کہ صوبائی حکومت ضم شدہ اضلاع کی تعمیر وترقی کے منصوبوں کووہاں کے عوام کی مکمل مشاورت سے شروع کرے گی اور ان کی بھرپور نمائندگی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔حکومت قبائلی اضلاع میں تعلیم ،صحت،زراعت و معدنیات اور سیاحت کے شعبوں کی ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی اضلاع میں وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ان سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ مہمند ڈیم کی تعمیر سے نہ صرف ضلع مہمند کے عوام کا مستقبل تابناک ہوجائے گا بلکہ صوبے کی معاشی ترقی اور توانائی کی پیداوار میںبھی ڈسٹرکٹ مہمند بھرپور کردار ادا کرے گا۔وزیر خزانہ نے علاقے کے عوام کو یقین دلایا کہ مہمند ڈیم کی تعمیر یہاں کے عوام کی باہمی مشاورت سے کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے عوام خداد صلاحیتوں سے مالا مال ہیں اور وہ دن دور نہیں کہ اس ملک کا وزیر اعظم اور صوبے کا وزیر اعلیٰ بھی یہاں سے منتخب ہو ۔

ضلع مہمند کے عوام کی جانب سے شاندار استقبال اور مہمان نوازی کرنے پرانہوں نے ان کا شکریہ اداکیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ ان کا قبائلی اضلاع کا پہلا باقاعدہ دورہ تھاجو ان کے لئے انتہائی خوشگوار اور یادگار رہے گا اور وہ اس سلسلے میں باقی قبائلی اضلاع کا بھی جلد دورہ کریں گے۔ضلع مہمند کے دورے کے دوران وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے مستقبل کی منصوبہ بندی اور حکمت عملی وضع کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام مختلف اجلاسوں کی صدارت کی،انہوں نے کیڈٹ کالج مہمند کا دورہ بھی کیاجہاں انہوں نے کیڈٹ کالج کے مختلف شعبوں کامعائنہ کیا ،اس موقع پر کالج انتظامیہ کی جانب سے انہیں بریفنگ بھی دی گئی اور بعد ازاں انہوں نے پارٹی کے کارکنان کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ تقریب میں بھی شرکت کی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات