Live Updates

oبی آر ٹی منصوبے کاسول کام مکمل ہوچکا ہے ،شوکت یوسفزئی

جمعہ 22 مارچ 2019 23:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ لوگوں نے جس گرم جوشی سے بی آر ٹی کی آزمائش بس چلانے کا پورے راستے میں استقبال کیا وہ اس منصوبہ کی کامیابی کی دلیل ہے غریب عوام اس منصوبے سے بے حد خوش ہیں کیونکہ سب سے زیادہ فائدہ اس منصوبے سے غریب عوام کو ہوگا بی آر ٹی منصوبے کاسول کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ ڈیجیٹل ٹرانسپورٹیشن سسٹم پر کام جاری ہے تمام انسٹالیشن مکمل ہونے کے بعد باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیات آباد سے چمکنی تک بی آر ٹی کی آزمائشی ڈرائیو کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا صوبائی وزیر نے کہا کہ 23 مارچ کوبی آرٹی کی سافٹ اوپننگ کا کہا تھا اور ٹیسٹ ڈرائیو کرنے کی صورت میں اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے منصوبے کے ڈیجیٹل ٹرانسپورٹ سسٹم مکمل ہونے کے بعد اس کو عوام کیلئے کھول دیا جائے گا اس آزمائشی بس کو چلانے کا مقصد یہ تھا کہ ہم ناقدین کو دکھاسکیں کہ بی آر ٹی منصوبہ مکمل ہوچکا ہے انہوں نے کہا کہ یہ پشاور کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے پشاور کے عوام کیلئے اتنا بڑا کام ماضی میں کسی حکومت نے نہیں کیا اتنے بڑے منصوبے میں چھوٹی موٹی غلطیاں درست کرنے کے لیے آزمائشی بس چلائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

عوام اپنے فائدے کے منصوبے کو سمجھتے ہیں اس لئے پشاور کے عوام نے بی آر ٹی کے خلاف منفی پروپیگنڈے کے برعکس پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دیا کیونکہ عوام کی حقیقی خدمت میںناکام لوگ ہی بی آر ٹی منصوبے پر تنقید کررہے ہیں۔ شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ زیادہ بارشوں کی وجہ سے منصوبے میں تاخیر ہوئی ہے حکومت نے کبھی تاریخ پہ تاریخ نہیں دی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا منصوبہ پوری طرح مکمل ہونے کے بعد اس کا افتتاح کریں گے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کبھی ادھورے منصوبوںکی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لئے افتتاح نہیں کرتی اور وزیراعلیٰ اس منصوبے سے بے حد خوش ہیں انہوں نے مزید کہا کہ بڑا مقصد حاصل کرنے کے لئے تکلالیف برداشت کرنی پڑتی ہیں۔ اب بی آر ٹی منصوبے کے مثبت اور مفید اثرات بہت جلد عوام کو پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔عوام کو اس منصوبے کے ثمرات معلوم ہیں اس لیے عوام نے بھی عوامی مفاد کے اس منصوبے کیلئے بہت صبر سے کام لیاہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات