دعا ہے ایک دن آپ مسلمان ہو جائیں

میں 3 دن سے مسلسل رو رہا ہوں، آپ ایک بے مثال شخصیت کی مالک خاتون ہیں، خواہش ہے کہ دنیا کے تمام لیڈر آپ جیسے ہو جائیں: مسلمان نوجوان کی نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن سے ملاقات کے دوران گفتگو

muhammad ali محمد علی ہفتہ 23 مارچ 2019 00:17

دعا ہے ایک دن آپ مسلمان ہو جائیں
کرائسٹ چرچ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2019ء) ایک مسلمان نوجوان کی نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن سے ملاقات کے دوران گفتگو کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں اس کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ دعا ہے ایک دن آپ مسلمان ہو جائیں، میں 3 دن سے مسلسل رو رہا ہوں، آپ ایک بے مثال شخصیت کی مالک خاتون ہیں، خواہش ہے کہ دنیا کے تمام لیڈر آپ جیسے ہو جائیں۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ مین واقع مساجد پر ہونے والے حملے کے بعد سے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے جس انداز میں نیوزی لینڈ کے مسلمانوں کا ساتھ دیا، ان سے ہمدردی دکھائی اور سفید فام دہشت گردوں کیخلاف آواز اٹھائی، اپنے اس طرز عمل سے جسینڈا دنیا بھر کے لوگوں خاص کر ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی ہیرو بن چکی ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز نیوزی لینڈ کے ایک مسلمان نوجوان نے جسینڈا آرڈرن سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات کی دوران ہونے والی گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ دوران ملاقات نوجوان نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہتا ہے کہ دعا ہے ایک دن آپ مسلمان ہو جائیں۔ نوجوان کہتا ہے کہ میں 3 دن سے مسلسل رو رہا ہوں اور بس ایک ہی دعا کر رہا ہوں کہ ایک دن آپ بھی مسلمان ہو جائیں۔

آپ ایک بے مثال شخصیت کی مالک خاتون ہیں۔ خواہش ہے کہ دنیا کے تمام لیڈر آپ جیسے ہو جائیں۔ نوجوان کی خواہش سن کر جسینڈا آرڈرن مسکرا دیں اور نوجوان کو تھپکی بھی دی۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے جمعہ کے روز اپنے ایک اور عمل سے مسلمانوں کے دل جیت لیے۔

وزیراعظم نیوزی لینڈ جسنیڈا آرڈرن نے نیوزی لینڈ کے ہیگلے پارک میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے قبل حضور پاکﷺ کی حدیث مبارک پڑھ کر سناتے ہوئےخطاب کا آغاز کیا۔جس کا مفہوم تھا " حضور ﷺ نے فرمایا جو ایمان رکھتے ہیں،ان کی باہمی رحم دلی،ہمدردی اور احساس ایک جسم کی مانند ہوتا ہے۔اگر جسم کے کسی ایک حصے کو بھی تکلیف ہوتی ہے تو سارا جسم درد محسوس کرتا ہے۔

وزیراعظم نے حدیث پڑھنے کے بعد مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کا اظہار یکجہتی کیا اور کہا کہ نیوزی لینڈ آپ کے ساتھ دکھ میں شریک ہے اور ہم سب ایک ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جمعہ کے خطبے کے دوران نیوزی لینڈ وزیراعظم رو پڑیں تھیں۔اس موقع پر بھی نیوزی لینڈ وزیراعظم سیاہ رنگ کے لباس میں ملبوس تھیں اور انہوں نے سر پر دوپٹہ بھی اوڑ رکھا تھا۔

ہیگلے پارک میں مختلف مذاہب اورعقیدوں سے تعلق رکھنے والے افراد بہت بڑی تعداد میں موجود تھے جن میں مرد و خواتین اوربچے بھی شامل تھے۔اسکارف پہنے وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈن نے اس موقع پر مختصر پیغام میں حدیث رسول اکرم ﷺ بیان کی اور کہا کہ جسم کے ایک حصے میں تکلیف ہو تو باقی پورا جسم بھی درد کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دکھ اور افسوس کی اس گھڑی میں ساتھ ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ آئندہ بھی اکھٹے ہوں گے۔ نماز جمعہ کے بعد شہداء کی یاد اور متاثرہ خاندانوں سے اظہاریکجہتی لیے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جس کے بعد امام مسجد نے خطبہ پیش کیا۔خطبے میں پیش امام جمال فودا کا کہنا تھا کہ سفید فارم نسل پرستی کا نظریہ ہمیں نقصان پہنچا سکتا ہے، ہمارے دل ٹوٹے ہوئے اور زخمی ہیں مگرہم نہیں ٹوٹے ۔ ہم متحد ہیں اور متحد رہیں گے ۔