بھارتیوں کی انتہا پسندی، ہولی کے دن کرکٹ کھیلنے والے مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا

بھارتی انتہا پسندوں نے پانی کے پائپ،آئرن راڈ اور ہاکی سے مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا ، پاکستان واپس جانے کا مطالبہ بھی کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 23 مارچ 2019 11:20

بھارتیوں کی انتہا پسندی، ہولی کے دن کرکٹ کھیلنے والے مسلمانوں کو تشدد ..
گروگرام (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 مارچ 2019ء) : بھارت میں مسلمانوں کے خلاف انتہا پسندی ایک مرتبہ پھر سے زور پکڑ رہی ہے جس کے پیش نظر آئے روز مسلمانوں کے خلاف ہندؤوں کے کئی اقدامات سامنے آتے ہیں۔ اسی حوالے سے حال ہی میں ایک واقعہ رپورٹ ہوا جہاں ہولی پر کرکٹ کھیلنے والے مسلمان انتہا پسند ہندؤوں کے تشدد کا نشانہ بنے۔ انتہا پسند ہندؤوں نے ہولی کے موقع پر کرکٹ کھیلنے والے مسلمانوں کو آئرن راڈز، بلوں، ہاکی اور پانی کے پائپس سے تشدد کا نشانہ بنایا۔

اور بار بار کہا کہ اپنے ملک پاکستان واپس لوٹ جاؤ۔اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی جس میں دیکھا گیا کہ قریباً 30 سے 40 ہندؤ انتہا پسندوں نے تین سے چار مسلمانوں کو بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا۔اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر کئی جگہ شئیر کیا گیا۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق انتہا پسند غنڈوں نے مسلمانوں کو واپس پاکستان جانے کا کہا۔

پولیس نے اس واقعہ کی اطلاع موصول ہوتے ہی بھارتی پینل کوڈ کی اقدام قتل سمیت کئی دفعات شامل کر کے ملزمان پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ بھونڈسی پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے جبکہ ویڈیو کی مدد سے شناخت کر کے پولیس نے 6 حملہ آوروں کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔ اے سی پی شمشیر سنگھ کا کہنا تھا کہ متاثرہ افراد ہولی کے دن شام پانچ بجے اپنے رہائشی علاقہ میں کرکٹ کھیل رہے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔

ایک متاثرہ شخص جس کی شناخت شاہد کے نام سے ہوئی ، نے پولیس کو بتایا کہ حملہ آوروں نے گلی محلے میں کرکٹ کھیلنے سے منع کیا۔ شاہد نے بتایا کہ بحث کے بعد انہوں نے ہمیں تشدد کا نشانہ بنایا اور جب ہم نے موقع سے بھاگنے کی کوشش کی تو کئی غنڈوں نے ہمارا پیچھا کیا اور گھروں میں گھُس کر مارا ۔ غنڈوں کی متاثرہ افراد کے گھر میں توڑ پھوڑ کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی انتہا پسندی قابل مذمت ہے۔ جبکہ کئی افراد نے مسلمان مخالف پروان چڑھتی اس انتیا پسندی کا ذمہ دار بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو ٹھرایا۔