نواز شریف نے آلو گوشت اور چاول کھائے ، اُن کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے

تمام ضروری طبی ٹیسٹ لیے جا رہے ہیں۔ ترجمان وزیراعلیٰ ڈاکٹر شہباز گل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 23 مارچ 2019 12:13

نواز شریف نے آلو گوشت اور چاول کھائے ، اُن کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 مارچ 2019ء) : مریم نواز نے کوٹ لکھپت جیل میں قید اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کی اجازت نہ دینے پر دھرنا دینے کی دھمکی دی تو ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ نواز شریف کی طبیعت ٹھیک ہے ۔ ان کے تمام ضروری طبی ٹیسٹ لیے جا رہے ہیں۔ پھر بھی اسپتال جانا چاہیں تو پہلے دن سے آفر موجود ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوم پاکستان پر عوام کو مریم نواز اپنی سیاست سے گمراہ نہ کریں۔

جیل کے باہر دھرنے میں حسن اورحسین نواز تو نہیں آئیں گے لیکن آپ کا یہ بھائی سہولت دینے ضرور آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز شوق سے جیل کے باہر دھرنا دیں، ہم ان کو پانی اور ٹینٹ فراہم کریں گے ۔ نواز شریف کی طبیعت سے متعلق بات کرتے ہوئے ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ مریم نواز اپنے والد کی صحت پر سیاست نہ کریں۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے جیل میں انڈے ، سبزی، آلوگوشت اور چاول کھائے اور ان کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے ۔

نواز شریف کو جیل میں دانت میں تکلیف ہوئی تھی جس کے لیے ڈینٹل سرجن کو ان کے لیے جیل بھجوا دیا تھا۔ یاد رہے کہ مریم نواز نے گذشتہ روز نواز شریف کو علاج کی اجازت نہ ملنے پر کل کوٹ لکھپت جیل کے باہر دھرنے کی دھمکی دی تھی۔ جس کے بعد وزیراعلی پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں اُن کا کہنا تھا کہ مریم نواز کے خط پر انہیں اور نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کو سابق وزیر اعظم سے جیل میں ملنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقات کی اجازت قانونی مشاورت کے لیے دی گئی ہے جس کے لیے مریم نواز نے پنجاب حکومت کو خط لکھا تھا۔ تاہم مریم نواز سے درخواست ہے کہ وہ نواز شریف کی صحت پر غلط بیانی کر کے کارکنوں کو گمراہ نہ کریں۔