Live Updates

ْآزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت یوم پاکستان کل روایتی جوش و جذبہ کیساتھ منایا جائیگا

سب سے بڑی تقریب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پریڈ گرائونڈ میں منعقد ہوگی مہمان اعزازی ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد ہوں گے

ہفتہ 23 مارچ 2019 13:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت یوم پاکستان کل ہفتہ کو روایتی جوش و جذبہ کیساتھ منایا جائیگا،سب سے بڑی تقریب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پریڈ گرائونڈ میں منعقد ہوگی جس کے مہمان اعزازی ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد ہوں گے، آذربائیجان کے وزیر دفاع، بحرین کے چیف آف آرمی سٹاف اور عمان کے اعلیٰ حکام بھی مہمان ہونگے ، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، وفاقی کابینہ کے اراکین، تینوں مسلح افواج کے سربراہان ، غیرملکی سفارتکاروں کے علاوہ بڑی تعداد میں مہمان شرکت کریں گے،ہر سال کی طرح عام تعطیل ہو گی، صوبائی دارالحکومتوں میں صبح کا آغاز 21 جبکہ مرکز میں 31 توپوں کی سلامی سے ہو گا، مساجد میں پاکستان کی بقاء اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت یوم پاکستان (آج)ہفتہ کو روایتی جوش و جذبہ کیساتھ منایا جائیگا،سب سے بڑی تقریب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پریڈ گرائونڈ میں منعقد ہوگی جس کے مہمان اعزازی ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد ہوں گے، آذربائیجان کے وزیر دفاع، بحرین کے چیف آف آرمی سٹاف اور عمان کے اعلیٰ حکام بھی مہمان ہونگے ، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، وفاقی کابینہ کے اراکین، تینوں مسلح افواج کے سربراہان ، غیرملکی سفارتکاروں کے علاوہ بڑی تعداد میں مہمان شرکت کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق آذربائیجان، بحرین، چین، سعودی عرب، سری لنکا اور ترکی کے مختلف دستے یوم پاکستان پریڈ میں شریک ہوں گے۔ اس موقع پر تینوں مسلح افواج، گرلز گائیڈز، بوائے سکائوٹس کے دستے سلامی دیں گے۔ اس کے علاوہ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ثقافت پر مبنی فلوٹس بھی پریڈ میں شامل ہوں گے۔یوم پاکستان کی پریڈ میں جدید ترین فوجی سازو سامان، میزائل اور دفاعی آلات کی نمائش بھی ہوگی۔

اس موقع پر پاک فضائیہ کے شاہین اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے جبکہ چین کے جے ٹین اور ترکی کے ایف 16 سی طیارے بھی فضائی مظاہرہ کریں گے۔ پریڈ کے بعد ملی نغموں پر شاندار پرفارمنس اور پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ثقافتی رنگ بھی بکھیرے جائیں گے۔ بیرون ملک پاکستانی مشنز، سفارتخانوں میں بھی یوم پاکستان کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کا انعقاد ہوگا جن میں صدر و وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے جائیں گے اور قومی پرچم لہرایا جائیگا اس موقع پر ملک بھر میں قومی، سیاسی اور سماجی اداروں کی جانب سے تحریک پاکستان کے حوالے سے خصوصی تقریبات اور پروگراموں کا انعقاد کیا جائیگا، 23 مارچ کو ہر سال کی طرح عام تعطیل ہو گی، صوبائی دارالحکومتوں میں صبح کا آغاز 21 جبکہ مرکز میں 31 توپوں کی سلامی سے ہو گا، مساجد میں پاکستان کی بقاء اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی سمیت سیاسی و مذہبی جماعتوں کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے موقع پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر خصوصی ضمیمے اور پروگرامز شائع و نشر کئے جائیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے اس سال یوم پاکستان کے موقع پر تین مختلف پرومو جاری کئے گئے ہیں جس کا عنوان ’’پاکستان زندہ باد‘‘ رکھا گیا ہے۔ دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ، عوام کی سہولت کے پیش نظر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے بھی خصوصی ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ دریں اثناء یوم پاکستان کے موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی میں گرانقدر خدمات سرانجام دینے والی نمایاں شخصیات کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔ اعزازات دینے کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہو گی جہاں صدر مملکت اعزازات دیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات