انتہا پسندی اور کرپشن ترقی کے راستے کی بڑی رکاوٹ ہے‘طاہرالقادری

قرارداد پاکستان کے حقیقی ثمرات سمیٹنے کیلئے بے رحم احتساب ناگزیر ہے‘سربراہ عوامی تحریک کی گفتگو

ہفتہ 23 مارچ 2019 13:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ انتہا پسندی، عدم برداشت اور کرپشن خوشحال پاکستان کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے، 23 مارچ 1940 ء کی قرارداد کے ثمرات سمیٹنے کیلئے ان برائیوں کے سدباب کیلئے بے رحم احتساب اور ابہام سے پاک قانون سازی ناگزیر ہے، پاکستان ایک نظریہ کے تحت وجود میں آیا وہ نظریہ قومی زندگی کے ہر شعبے کو اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق استوار کرنا تھا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 23 مارچ 1940 ء کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ مارچ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں بڑی اہمیت رکھتا ہے ،مارچ کے مہینے میں قرارداد پاکستان بھی منظور ہوئی، اس کے ساتھ ساتھ قرارداد مقاصد بھی مارچ میں منظور ہوئی اور پہلا آئین بھی مارچ کے مہینے میں ہی نافذ العمل ہوا، مارچ کا مہینہ پاکستان کی جمہوری جدوجہد اور ثمرات کا آئینہ دار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس عزم اور جذبے کیساتھ تحریک پاکستان کی جدوجہد کی گئی آج تعمیر پاکستان کے مرحلہ پر بھی اسی عزم اور جدوجہد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے ہمیشہ فرد کی تعلیمی، فکری، معاشی بہبود پر زور دیا اور اسلام کی اعلیٰ انسانی ، بین الاقوامی اقدار اور اصولوں پر عملدرآمد کو کامیابی کی ضمانت قرار دیا۔

دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی کی گاڑی پر فائرنگ کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے واقعہ دہشت گردی ہے، ذمہ داروں اور اس دہشتگردی کے منصوبہ سازوں کو بلا تاخیر گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حملہ میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور ان کی بخشش اور درجات کی بلندی کیلئے دعا گو ہوں۔