Live Updates

نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد اپریل میں رکھنے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان اپریل کے دوسرے ہفتے میں پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 23 مارچ 2019 12:33

نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد اپریل میں رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 مارچ 2019ء) : نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد اپریل میں رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیرصدارت نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے متعلق جائزہ اجلاس ہوا ۔ جس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ قانون سازی کا کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ مسودہ پارلیمنٹ سے منظوری کے لیے جلد کابینہ کمیٹی کے حوالے کردیا جائےگا ۔

اسلام آباد میں چار جبکہ لاہوراور کوئٹہ میں ایک ایک مقام سنگ بنیاد کے لیے تیار ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ منصوبےسے معیشت مستحکم اور روزگار کے مواقع پیداہوں گے ۔وزیراعظم عمران خان اپریل کے دوسرے ہفتے میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے کے بعد ملک کی غریب عوام کے لیے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا اعلان کیا تھا۔

جس میں کئی غیر ملکی کمپنیوں اور کاروباری حضرات نے پاکستان تحریک انصاف کو مالی اور تعمیری معاملے میں مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی۔حال ہی میں مصر کے ایک ارب پتی شخص نے نیاپاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو ایک لاکھ گھر تعمیر کر کے دینے کی پیشکش کی تھی۔قبل ازیں 41 غیر ملکی کمپنیوں نے اس پراجیکٹ میں حصہ ڈالنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم پراجیکٹ میں سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی کیا تھا۔ جبکہ سنگاپور نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم منصوبے میں پاکستانی حکومت کو مدد کی پیشکش کی تھی۔ سنگاپور نے آئندہ 5 برسوں میں 50 لاکھ سستے گھر بنانے میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کو پیشکش کی کہ وہ اس کی تعمیر میں اپنی مہارت دینے کو تیار ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات