فیس بک صارفین کے پاسورڈز تک کمپنی کے ملازمین کو رسائی کا انکشاف

60 کروڑ صارفین کا ڈیٹا متاثرتاہم اس خامی سے کوئی غلط استعمال نہیں ہوا،فیس بک انجینئر

ہفتہ 23 مارچ 2019 14:05

فیس بک صارفین کے پاسورڈز تک کمپنی کے ملازمین کو رسائی کا انکشاف
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) انٹرنیٹ سیکیورٹی محقق برائن کریبس نے پاسورڈ کے تحفظ پر فیس بک کی ناکامی کا انکشاف کیاہے جس سے 60 کروڑ صارفین کا ڈیٹا متاثر ہوا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے بتایا کہ فیس بک ذرائع نے انہیں اس سیکیورٹی ناکامی کے بارے میں بتایا جس سے ڈویلپرز کو ایسی اپلیکیشنز بنانے کا موقع ملا جو کہ پاسورڈ کو انکرپٹ کیے بغیر لاگ ان اور محفوظ کرتیں ہیں۔

اس انکشاف کے بعد فیس بک نے بھی اس کمزوری کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے نیٹ ورک میں محفوظ پاسورڈ کے اس مسئلے کو دور کردیا ہے۔اس بارے میں فیس بک کے انجینئر اسکاٹ رینفرو نے بتایا کہ اس بات میں تحقیقات سے معلوم ہوا کہ اس خامی کا کوئی غلط استعمال نہیں ہوا۔کمپنی کی جانب جاری بیان کے مطابق یہ مسئلہ جنوری میں معمول کے سیکیورٹی چیک اپ کے دوران سامنے آیا اور تحقیقات سے معلوم ہوا اس سے فیس بک لائٹ ایپ کے صارفین زیادہ متاثر ہوئے، جو ان ممالک میں زیادہ استعمال ہوتی ہے جہاں انٹرنیٹ اسپیڈ ناقص ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

کمپنی اب ان تمام کروڑوں صارفین کو اس بارے میں آگاہ کرنا چاہتی ہے جن میں لاکھوں انسٹاگرام صارفین بھی شامل ہیں۔مگر کمپنی کا کہنا تھا کہ وہ صارفین کو پاسورڈ ری سیٹ کرنے کا اس وقت ہی کہے گی جب اسکی ٹاسک فورس یہ دریافت کرے گی کہ صارفین کے لاگ ان تفصیلات کا غلط استعمال ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :