ملالہ کا جی20 سربراہی اجلاس سے لڑکیوں کی تعلیم کیلئے فنڈز میں اضافے کا مطالبہ

مجھے امید ہے جاپانی وزیر اعظم لڑکیوں کی تعلیم کی خاطر تمام رہنمائوں کو نئی فنڈنگ پر آمادہ کریں گے،گفتگو

ہفتہ 23 مارچ 2019 14:05

ملالہ کا جی20 سربراہی اجلاس سے لڑکیوں کی تعلیم کیلئے فنڈز میں اضافے ..
ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے جاپان سمیت تمام جی20 ممالک سے لڑکیوں کی تعلیم کے لیے فنڈز میں اضافے کا مطالبہ کر دیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ملالہ یوسف زئی، جاپان میں منعقدہ جی 20 سربراہی اجلاس کے دوران میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔ملالہ یوسف زئی نے جاپان کے وزیر اعظم شینزو آبے کومستقبل میں معاشی استحکام اور عالمی امن کی خاطر اس وقت لڑکیوں کی تعلیم پر سرمایہ کاری کی اہمیت کے حوالے سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ وزیر اعظم شینزو آبے رواں سال کے جی 20 کے میزبان کی حیثیت سے جاپان میں لڑکیوں کی تعلیم اور ان کو مستقبل کے لیے تیار کرنے کی خاطر تمام رہنمائوں کو نئی فنڈنگ پر آمادہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مجھے توقع ہے کہ وہ جاپان میں میری بہنوں کی مدد کے لیے جی 20 کی صدارت کو استعمال کرسکتے ہیں، جی 20 ممالک اور پوری دنیا کو اپنے تمام اہداف تک پہنچنے کے لیے یہ ضروری ہے کیونکہ دنیا اس وقت بہتر کام کرتی ہے جب لڑکیاں اسکول جاتی ہیں۔