مکّہ: رواں سیزن عمرہ ویزوں کے اجراء میں پاکستانی بدستور سرفہرست

وزارت حج کی جانب سے 5039885عمرہ ویزوں کا اجراء کیا جا چکا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 23 مارچ 2019 12:53

مکّہ: رواں سیزن عمرہ ویزوں کے اجراء میں پاکستانی بدستور سرفہرست
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مارچ2019ء) وزارت حج وعمرہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رواں عمرہ سیزن کے آغاز یعنی یکم محرم الحرام سے لے کر 14 رجب المرجب 1440ھ تک 50لاکھ 39ہزار 885عمرہ ویزے جاری کئے گئے۔ جن میں سے اب تک 45لاکھ 53ہزار427 معتمر ارض مقدس پہنچ چکے ہیں۔ جن میں 40 لاکھ 80 ہزار 528 افراد عمرہ کی سعادت حاصل کرکے اپنے وطن لوٹ چکے ہیں، جبکہ مملکت میں موجود معتمرین کی گنتی 4 لاکھ 72 ہزار 899 ہے۔

وزارت حج کے مطابق اس بار بھی سب سے زیادہ معتمرین کا ریکارڈ پاکستان کے پاس ہے۔مملکت آنے والے پاکستانی زائرین کی اب تک کی گنتی 10 لاکھ 79 ہزار229 ہیں ۔ جبکہ اس کے بعد انڈونیشیا کا نمبر ہے جہاں سے آنے والے معتمرین کی گنتی 7 لاکھ 26 ہزار 924 ہے۔ اس کے بعد ہندوستان تیسرے نمبر پر ہے جہاں سے ساڑھے چار لاکھ سے زائد معتمرین آئے ہیں۔

(جاری ہے)

عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں کی فہرست میں مصر چوتھے، یمن پانچویں، تُرکی چھٹے، ملائشیا ساتویں،الجزائر آٹھویں، عراق نویں اور اُردن 10 ویں نمبر پر براجمان ہے۔

وزارت حج و عمرہ کے مطابق سب سے زیادہ معتمرین فضائی راستے سے آئے ہیں اس کے بعد بری اور فضائی راستوں سے آنے والے بھی شامل ہیں۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں یکم محرم سے لے کر 14 رجب المرجب 1440ھ تک عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں کی تعداد میں 3.47 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔