مزار اقبال پر گارڈ ز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ،

پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے ائیر کموڈر سید صباحت حسن نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی ،فاتحہ خوانی ،یادداشتوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے محفوظ شہید گریثرن میں نماز فجر کے فوراً بعد پروقار تقریب کا اہتمام ،پاک فوج کے جوانوں کی جانب سے اکیس توپوں کی سلامی دی گئی

ہفتہ 23 مارچ 2019 14:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) یوم پاکستان کے موقع پر شاعر مشرق اور عظیم مفکر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒکے مزار پر گارڈ ز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی،جہاں پاک فضائیہ اور رینجرز کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی،مزار اقبال پر پاک فضائیہ کے دستے نے پاک رینجرز سے چارج بھی سنبھالا۔

اس موقع پر بیس کمانڈر پی اے ایف ائیر کموڈر سید صباحت حسن نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے یادداشتوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔جنرل آفیسر کمانڈنگ محمد یوسف نے بھی مزاراقبال پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

(جاری ہے)

یوم پاکستان کے موقع پر مہمانوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے سب متحد رہیں گے۔

سکیورٹی خدشات کے باعث مزار پر عام عوام کا داخلہ بند رکھا گیا۔قبل ازیں محفوظ شہید گریثرن میں نماز فجر کے فوراً بعد پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جہاں پاک فوج کے جوانوں کی جانب سے اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔جوانوں نے نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے پر جوش نعرے بھی لگائے۔