امریکہ کو جیسنڈا آرڈن جیسی لیڈر کی ضرورت ہے

امریکی اخبار نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈن کی تعریفوں کے پُل باندھ دئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 23 مارچ 2019 13:39

امریکہ کو جیسنڈا آرڈن جیسی لیڈر کی ضرورت ہے
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 مارچ 2019ء) : امریکی اخبار دی نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈن کی تعریفوں کے پُل باندھ دئے۔ امریکی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکہ کو جیسنڈا آرڈن جیسے ہی لیڈر کی ضرورت ہے۔ اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا کہ دنیا بھر کے لیڈرزکو نیوزی لینڈ کی 38 سالہ وزیراعظم سے سیکھنا چاہئیے کہ انہوں نے کس طرح دہشتگردی کا مقابلہ کیا۔

نیوزی لینڈ میں ایک قتل عام نے حکومت کو جگا دیا لیکن امریکہ میں نیوٹن اسکول میں 26 ہلاکتوں، اورلینڈو کے نائٹ کلب میں 49 ہلاکتوں ، لاس ویگس میں 58 ہلاکتوں اور پارک لینڈ اسکول میں 17 ہلاکتوں کے باوجود امریکی حکومت کو کوئی ہوش نہیں آیا۔ حال ہی میں کیے جانے والے ایک سروے کے مطابق 73 فیصد امریکی شہریوں نے تشدد کے خلاف آواز اُٹھائی تھی اور 73 فیصد امریکی عوام تشدد کے مخالف ہے۔

(جاری ہے)

ایسا لگتا ہے کہ دنیا کی کم عمر ترین وزیراعظم کو اس بات کا بخوبی علم ہے کہ کسی سانحہ کے بعد عوام کو کیسے سنبھالنا اور ان کا اعتماد کیسے حاصل کرنا ہے۔ جیسنڈا نے تمام حلقوں کی باتیں سُنیں اور فوری طور پر اسلحہ لائسنس سے متعلق قوانین کی تبدیلی کا اعلان کیا اور اس پر عملدرآمد بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ہم سب کے لیے ہے۔ یہ ہمارے اور ملکی مفاد میں ہے۔

انہوں نے سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد مسلمانوں کو بھی بخوبی سنبھالا اور انہیں تحفظ کا احساس بھی دلایا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پوری دجیا کو چاہئیے کہ نسل پرستی اور تشدد کے خلاف متحد ہو جائیں اور متاثرہ خاندانوں سے ویسے ہی اظہار یکجہتی کریں جیسے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈن نے کیا تھا۔واضح رہے کہ سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈن نے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا اور مسلمانوں سے اظہار تعزیت کے وقت احتراماً انہوں نے سر پو دوپٹہ بھی اوڑھا ، جس کے بعد انہوں نے نیوزی لینڈ میں اسلحہ قوانین کی تبدیلی ، ریڈیو اور سرکاری ٹی وی پر اذان نشر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈن کے ان اقدامات کو پوری دنیا میں سراہا گیا۔