نیوزی لینڈ وزیراعظم کا آکلینڈ کی مسجد میں سیکڑوں مسلمانوں سے خطاب

وزیراعظم نیوزی لینڈ جسینڈا آرڈرن سر ڈھک کر تقریب میں شریک ہوئیں، مسلم خواتین کو گلے لگا کر دلاسا دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 23 مارچ 2019 13:47

نیوزی لینڈ وزیراعظم کا آکلینڈ کی مسجد میں سیکڑوں مسلمانوں سے خطاب
نیوزی لینڈ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2019ء) وزیراعظم نیوزی لینڈ جسینڈا آرڈرن نے آکلینڈ کی مسجدِ عمر میں ایک تقریب میں شرکت کی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نیوزی لینڈ جسینڈا آرڈرن سر ڈھک کر تقریب میں شریک ہوئیں۔انہوں نے سیکڑوں مسلمانوں سے خطاب میں مسلم کمیونیٹی کے تعاون سے یکجہتی کو سراہا۔نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے مسلم خواتین کو گلے لگا کر دلاسا دیا۔

اس موقع پر ایک چھوٹی بچی نے وزیراعظم کو اپنے ہاتھوں سے بنا تحفہ دیا۔بچی کا کہنا تھا کہ میں یہ تحفہ وزیراعظم کو دے رہی ہوں کیونکہ وہ بہت خوبصورت بولتی ہیں۔انہوں نے مسلم ممالک کی قیادت کا بھی شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر مسجد میں موجود مسلمانوں نے کھڑے ہو کر جسینڈا آرڈرن کا استقبال کیا۔واضح رہے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ مین واقع مساجد پر ہونے والے حملے کے بعد سے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے جس انداز میں نیوزی لینڈ کے مسلمانوں کا ساتھ دیا، ان سے ہمدردی دکھائی اور سفید فام دہشت گردوں کیخلاف آواز اٹھائی، اپنے اس طرز عمل سے جسینڈا دنیا بھر کے لوگوں خاص کر ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی ہیرو بن چکی ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز نیوزی لینڈ کے ایک مسلمان نوجوان نے جسینڈا آرڈرن سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات کی دوران ہونے والی گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ دوران ملاقات نوجوان نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہتا ہے کہ دعا ہے ایک دن آپ مسلمان ہو جائیں۔ نوجوان کہتا ہے کہ میں 3 دن سے مسلسل رو رہا ہوں اور بس ایک ہی دعا کر رہا ہوں کہ ایک دن آپ بھی مسلمان ہو جائیں۔ آپ ایک بے مثال شخصیت کی مالک خاتون ہیں۔ خواہش ہے کہ دنیا کے تمام لیڈر آپ جیسے ہو جائیں۔ نوجوان کی خواہش سن کر جسینڈا آرڈرن مسکرا دیں اور نوجوان کو تھپکی بھی دی۔