اشتعال انگیزی کابیانیہ دہشتگردی ہے، امام حرم

امن اور سلامتی سے محبت، مودت اور لوگوں کے درمیان تعاون برپا ہوتا ہے،ڈاکٹر ماہر المعیقلی

ہفتہ 23 مارچ 2019 14:36

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر ماہر المعیقلی نے کہا ہے کہ اسلام تشدد، رنگ ، نسل ، قومیت یا ملت کی بنیاد پر اشتعال انگیزی کا مخالف ہے۔ یہ ساری شکلیں انتہا پسندی اور دہشتگردی کی ہیں۔ تمام آسمانی مذاہب اور صالح عقل کے مالک لوگ ہر طرح کی دہشتگردی اور انتہا پسندی کو مسترد کرتے ہیں۔

تشدد اور اشتعال انگیزی کے بیانیوں سے معاشرے میں انارکی پھیلتی ہے۔ انارکی کے باعث حرمتیں پامال ہوتی ہیں۔ امن اور سلامتی سے محبت، مودت اور لوگوں کے درمیان تعاون برپا ہوتا ہے۔ امن و امان کے ماحول میں تعمیر و ترقی کے کام انجام دیئے جاتے ہیں۔ ہر قوم اپنے وطن کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کوشاں رہتی ہے لہذا دنیا بھر کے معاشروں کے حالات امن و امان کے بغیر بہتر نہیں ہوسکتے۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق امام حرم نے بتایا کہ ’’السلام‘‘ ہمارے بابا آدم علیہ السلام اور انکے بعد آنے والے نبیوں کا سلام ہے۔ فرشتے بھی جنت میں اہل ایمان کا خیر مقدم ’’السلام‘‘ ہی سے کریں گے۔ اہل جنت اپنے رب سے ملاقات کے موقع پر السلام ہی سے اللہ کو مخاطب کریں گے،انہوں نے کہاکہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے اعلیٰ اخلاق ، لوگوں کے درمیان مصالحت، عدل و انصاف کے قیام اور مظلوم کی نصرت کرکے اپنے معاشرے میں امن و امان برپا کرنے کی کوشش اپنی حیات طیبہ کے ابتدائی ایام میں ہی شروع کردی۔ پیغمبر اسلام ؐحلف الفضول میں شریک ہوئے۔ اس کا تذکرہ احادیث مبارکہ اور سیرت طیبہ میں جگہ جگہ ملتا ہے۔