ہمیں اپنی ذات اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کرنا ہوگا ‘میاں اسلم اقبال

زندگی جرائم کیلئے نہیں اللہ کی بندگی کیلئے ملتی ہے اس لئے آپ علیحدگی میں بیٹھ کر سوچیں ‘ صوبائی وزیر کاکیمپ جیل میں قیدیو ں سے خطاب وزیر صنعت و تجارت اسلم اقبال نے ریسکیو 1122 کے تحت کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے حوالے سے واک کی قیادت کی اور پودا لگایا

ہفتہ 23 مارچ 2019 14:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ یوم پاکستان ملک کی تاریخ کا اہم دن جب علیحدہ وطن کے حصول کے لئے قرار داد پیش کی گئی ، 23مارچ کے دن ایک علیحدہ اور آزاد مملکت کے حصول کا عہد کیاگیا، سات سال کی جدوجہد اور لازوال قربانیوں کے بعد برصغیر کے مسلمانو ں کو آزادی کی نعمت نصیب ہوئی ، پاکستان کی سرحدوں میں شہدا کا خون ہے اگر ہمارے ذہنوں میں پاکستان کیلئے دی گئی قربانیوں کا احساس ہوتا تو آج ہم دنیا کی ایک عظیم اور بہترین قوم ہوتے ،جنگ عظیم دوئم میں تباہ ہونے والی قوموں نے محنت اور ایمانداری سے کام کرتے ہوئے ترقی کی منازل طے کیں اور وہ دوبارہ دنیا پر حکمرانی کررہی ہیں ،ہمیں اپنی ذات اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کرنا ہوگا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے ان خیالات کااظہار کیمپ جیل میں یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کیمپ جیل پہنچتے ہی پرچم کشائی کی اور قیدی بچوں میں مٹھائی تقسیم کی آئی جی جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ، سپرنٹنڈنٹ جیل غلام سرور سمرا اور دیگر جیل حکام بھی تقریب میں موجود تھے ۔صوبائی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قیدی بچوں کو دیکھ کر مجھے انتہائی دکھ ہورہاہے ۔

بچے قوم کا مستقبل اور امیدوں کا مرکز ہیں لیکن یہاں جیل میں دیکھ کر دلی دکھ ہوا ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ ملک کے اداروں نے آپ کی ذہانت سے فائدہ اٹھانا تھا لیکن آپ کسی کردہ نا کردہ جرم میں جیل میں بند ہیں ۔ زندگی جرائم کیلئے نہیں اللہ کی بندگی کیلئے ملتی ہے اس لئے آپ علیحدگی میں بیٹھ کر سوچیں اور عہد کریں کہ آئندہ کوئی جرم کرکے جیل میں نہیں آئیں گے ۔

اپنی سوچ اور ذہنوں میں تبدیلی لائیں کہ آپ نے معاشرے کے کارآمد شہری بننا ہے ۔ مثبت سوچ کے ساتھ اپنے خاندانوں کی مدد اور ملک کی تعمیرو ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہے ۔ میری آپ سے درخواست ہے کہ سچ کی زندگی اپنائیں ،سچ کا پھل ضرور ملتا ہے تاہم اس میں تاخیر ہوسکتی ہے ۔ آپ مثبت سوچ کے ساتھ نارمل زندگی کی طرف آئیں ۔انہو ں نے کہاکہ پاکستانیوں میں حب الوطنی بھی ہے او رجذبہ ایمانی بھی لیکن اس کے باوجود پاکستان ترقی کی دوڑ میں پیچھے ہے تو ہمیں اس پر بھی غور کرنا ہے ۔

قبل ازیں صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت واک کی قیادت کی ۔ واک ریسکیو 1122 کے دفتر سے شروع ہو کر شمع چوک فیروز پور روڈ سے ہوتی ہوئی واپس ریسکیو آفس پر اختتام پذیر ہوئی ۔ صوبائی وزیر نے مہم کے تحت ریسکیو 1122آفس کے سامنے شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا لگایا۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ درخت خوشگوار ماحول پیدا کرنے اور آکسیجن کی فراہمی کا بڑا ذریعہ ہیں ۔ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق پنجاب بھر میں بڑے پیمانے پر شجر کاری کی جارہی ہے اور شہروں اور دیہاتوں کو صاف ستھرا بنانے کے لئے مہم بھی کامیابی سے آگے بڑھائی جارہی ہے ۔ ڈی جی ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔