پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ لاہور میں تیسرا لیور ٹرانسپلانٹ آپریشن کامیاب ،لیور ڈونر اور مریض صحت یاب

لیور ڈونر اور مریض دونوں صحت یاب ہیں ،اب مریضوں کو لاکھوں روپے خرچ کر کے بیرون ملک نہیں جانا پڑے گا ‘یاسمین راشد جگر کے مرض میں مبتلا مریضوں کیلئے پی کے ایل آئی بہترین علاج گاہ ہے ،مزید سہولیات فراہم کرنے کیلئے استعداد کار میں اضافہ کیاجائیگا ‘وزیر صحت

ہفتہ 23 مارچ 2019 14:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ لاہور میں تیسرا لیور ٹرانسپلانٹ آپریشن کامیاب ہوگیا ،لیور ڈونر اور مریض دونوں صحت یاب ہیں ۔اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ لیور ٹرانسپلانٹ آپریشن سرجن ڈاکٹر فیصل ڈار نے کیا ۔پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ لاہورمیں پہلے اوردوسرے لیور ٹرانسپلانٹ کے ڈونرز کو صحت یابی کے بعد ڈسچارج کیاجاچکا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لیور ٹرانسپلانٹ کا آغازانتہائی خوش آئند ہے ،لیور ٹرانسپلانٹ کرانے کے خواہاں مریضوں کو لاکھوں روپے خرچ کرکے بیرون ملک نہیں جانا پڑے گا ۔لیورٹرانسپلانٹ کے کامیاب آپریشن پر پاکستان کڈنی اینڈلیور انسٹی ٹیوٹ لاہور کی انتظامیہ اور آپریشن کرنے والی ٹیم کو مبارکباد اور شاباش دیتی ہوں ۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ جگر کے مرض میں مبتلا مریضوں کیلئے پی کے ایل آئی بہترین علاج گاہ ہے اور مزید سہولیات فراہم کرنے کیلئے استعداد کار میں اضافہ کیاجائے گا ۔ پاکستان میں ہر مر ض کے علاج معالجہ کے لئے انتہائی قابل ڈاکٹر او رجدید طبی سہولیات موجود ہیں ۔