�ارچ کا دن پاکستان کی تاریخ میں اہمیت کا حامل ہے،پاکستان پر دنیا کا اعتماد بڑھ رہاہے،پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمن، لیفٹیننٹ کرنل ولید اختر

نوجوان اپنے قومی ہیروز اوراسلاف کی قربانیوںکو مشعل راہ بنائیں ،مضبوط و مستحکم پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کیلئے مثبت پہلوئوںکو اجاگر کریں، وائس چانسلر میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ،کمانڈنگ آفیسر ایس سی او میرپورڈویژن کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 23 مارچ 2019 15:30

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) میرپوریونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمن اور سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشنمیرپور ڈو یژن کے کمانڈنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل ولید اختر نے کہا ہے کہ 23مارچ کا دن پاکستان کی تاریخ میں بڑی اہمیت کا حامل ہے۔اسی دن قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے تقسیم ہندکا مطالبہ کیا جس کے باعث 14اگست 1947؁ کو پاکستان قائم ہوا۔

آج مملکت خداداد پاکستان دنیا بھر میں بڑی اہمیت کا حامل عظیم ملک تسلیم کیا جانے لگا ہے۔پاکستان پر دنیا کا اعتماد بڑھ رہاہے۔نوجوان اپنے قومی ہیروز اوراسلاف کی قربانیوںکو مشعل راہ بنائیں اور مضبوط و مستحکم پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کیلئے مثبت پہلوئوںکو اجاگر کریں۔

(جاری ہے)

قیام پاکستان سے لے کر آج تک جانی ومالی قربانیاں دینے والے اور وطن عزیز کی سرحدوں کا مضبوط دفاع کرنے والوں پر قوم کو فخر ہے۔

پاکستان دنیا کے نقشہ پر ایک عظیم مملکت کے طور پرتا قیامت انشاء اللہ قائم رہے گا۔پاکستان کے خلاف دشمنان اسلام کو شکست فاش ہوگی مضبوط و مستحکم اور خوشحال پاکستان تحریک آزادی کشمیر کا بھی ضامن ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپیشل کمیونیکیشن آرگنایزیشن میرپور ڈو یژن کے زیر اہتمام MUSTیونیورسٹی میں 23مارچ یوم پاکستان کے موقع پر خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔

تقریب کی صدارت وائس چانسلر MUSTیونیورسٹی پروفیسر ڈاکڑحبیب الرحمن نے کی جب کہ مہمان خصوصی SCO میرپور ڈو یژن کے کمانڈنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل ولید اخترتھے ۔ تقریب سے رجسٹرار مسٹ پروفیسر وارث جرال ، اسٹیشن ڈائریکٹر آزادکشمیر ریڈیوچوہدری محمد شکیل نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر _ڈائریکٹر اسٹوڈٹنس افیئرڈاکٹر محمد اصغر ، ڈین انجینئرنگ ڈاکٹر انور ، ڈین آرٹس ڈاکٹر شوکت ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک ، میڈیا ایڈ وائز SCO چوہدری جہانگیر شہزاد کے علاوہ SCOکے افسرانMUSTیونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان اوریونیورسٹی کے طلباء وطالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

تقریب میں SCOکے جوانوں نے مارچ پاسٹ کیا اور SCOکے کمانڈنگ آفیسراور وائس چانسلر MUSTنے پرچم کشائی کی اور قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ یونیورسٹی کے طلباء وطالبات نے پاکستان اور آزادکشمیر کے قومی ترانے ملی نغمے ،دستاویزی فلمیں پیش کیں اور قیام پاکستان کے سلسلے میں طویل ترین جدوجہد کرنے والے ہیروز کو سلام پیش کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلز MUSTیونیورسٹی پروفیسر ڈاکڑحبیب الرحمن نے کہا کہ پا ک آرمی سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے اشتراک سے MUSTیونیورسٹی میں یوم پاکستان بڑے جوش و جذبے اور شایان شان طریقے سے منایا گیا اس سے یونیورسٹی کے وقار اور عزت میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان جغرافیائی لحاظ سے دنیا میں بڑی اہمیت کا حامل ہے اور دنیا کے بیشتر ممالک سی پیک منصوبہ میں دلچسپی لے رہے ہیںانہوں نے مزید کہا کہ انشاء اللہ پاکستان تا قیامت قائم ودائم رہے گا۔پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والے نامراد رہیں گے۔ سپیشل کمیونیکیشن آرگنایزیشنSCOّمیرپور ڈو یژن کے کمانڈنگ آفیسر لیفیٹننٹ کرنل ولید اخترنے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمیں اپنے ذاتی اور گروہی اختلافات مٹا کر ایک منظم اورمضبوط قوم کے طور پر دنیا کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے متحدومنظم ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک ترقی یافتہ ملک بن رہا ہے پاکستان ایک واحد اسلامی ملک ہے جو ایٹمی قوت رکھتا ہے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔جب تک ہم متحدومنظم ہیںدشمن ہمیںمیلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ SCOکا ساتھ جہاںکوئی نہیں وہاں SCOہے۔ڈائریکٹر جنرل SCOمیجر جنرل علی فرحان اور سیکٹر کمانڈر آزاد کشمیر کرنل رضوان مسعود کی خصوصی ہدایات پرچترپڑی میں بھیDSLکی جدید ترین انٹر نیٹ کی سہولیات مہیا کردیں ہیں عنقریب انٹرنیٹ سسٹم میں توسیع کررہے ہیںجس سے میرپور ڈو یژن میںمزید بہتری آئے گی۔

ہم نے جہاں مواصلات کے شعبہ میں آزادکشمیر سمیت گلگت و بلتستان کے دور دراز پہاڑی دشوار علاقوںمیں ٹیلیفون ، انٹرنیٹ موبائل سروس کی جدید ترین سہولیات مہیا کی ہیںوہیں مختلف مقابلہ جات کے ذریعے نئی نسل کی راہنمائی او ر ذہنی و جسمانی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی بھی بھر پور کوشش کرر ہے ہیں۔جس سے طلباء وطالبات میں اعتماداور کردار سازی پڑھنے اور لکھنے کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا ۔تقریب کے اختتام پر آزادی کیک بھی کاٹا گیا۔