آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی

ہفتہ 23 مارچ 2019 16:33

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ،دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی ۔تفصیلات کے مطابق قرارداد پاکستان کے 79 سال پورے ہونے پر یوم پاکستان آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں ملی جوش و جذبے سے منایا گیا اس سلسلے میں مرکزی تقریب پریڈ گراؤنڈ میں منعقد ہوئی جس میں تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے مشترکہ پریڈ میں حصہ لیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی صدرڈاکٹر عارف علوی اور ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد تھے اس موقع پر پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے، یوم پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کی گئی، یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی اہم شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا۔

(جاری ہے)

دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 ،صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔یوم پاکستان کے موقع پر صدر، وزیراعظم سمیت اہم شخصیات کے پیغامات شائع، نشر اور ٹیلی کاسٹ کئے گئے۔ اخبارات اور ٹی وی چینلز پر یوم پاکستان کے حوالے سے خصوصی ایڈیشن اور پروگرام نشر و ٹیلی کاسٹ کئے گئے بیرون ملک پاکستانی مشنز، سفارتخانوں میں بھی یوم پاکستان کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں صدر و وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے اور قومی پرچم لہرایا گیا۔

اس موقع پر ملک بھر میں قومی، سیاسی اور سماجی اداروں کی جانب سے تحریک پاکستان کے حوالے سے خصوصی تقریبات اور پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ آزاد کشمیر میں یوم پاکستان جوش و خروش سے منایا گیا، دن کے آغاز پر 21توپوں کی سلامی دی گئی۔ واضح رہے کہ آج سے 79 سال قبل 23 مارچ 1940ء کو موجودہ مینار پاکستان کے مقام پر قرارداد پاکستان منظور کی گئی تھی۔