نوازشریف کو ذاتی معالج کی عدم رسائی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار

نوازشریف کے بائیں بازو میں بدستور تکلیف ہو رہی، گردوں کا مرض اسٹیج تھری تک پہنچ گیا، نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کو فوری ملاقات کی اجازت دی جائے۔ مسلم لیگ ن کا محکمہ داخلہ پنجاب کو خط ارسال

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 23 مارچ 2019 18:15

نوازشریف کو ذاتی معالج کی عدم رسائی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 مارچ 2019ء) مسلم لیگ ن نے کہا ہے کہ نوازشریف کو ذاتی معالج کی عدم رسائی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، ن لیگ نوازشریف کی صحت بارے بہت فکرمند ہے، ڈاکٹر عدنان گزشتہ ایک دہائی سے نوازشریف کا مرض کو دیکھ رہے ہیں، ڈاکٹر عدنان کو فوری ملاقات کی رسائی دی جائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن نے صوبائی محکمہ داخلہ پنجاب کو نوازشریف کی تشویشناک حالت سے متعلق خط ارسال کردیا ہے۔

خط میں کہا گیا کہ معلوم ہوا ہے کل نواز شریف کے کیے گئے ٹیسٹوں میں سیراٹائنن لیول مزید بڑھ گیا۔ ہم نواز شریف کی صحت سے متعلق بہت فکر مند ہیں۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے جیل حکام نے نواز شریف کے معائنے کیلئے اسپیشلسٹ کا انتظام کیا ہے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ ڈاکٹر عدنان نواز شریف کی صحت سے متعلق امور گزشتہ ایک دہائی سے دیکھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرعدنان کو آج نواز شریف کے طبی معائنے کے دوران موجود رہنے کی اجازت دی جائے۔ نواز شریف تک ذاتی معالج کو رسائی دینے سے انکار ان کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ دوسری جانب سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ روز ہونے والے ٹیسٹس میں گردوں کا ٹیسٹ ٹھیک نہیں آیا۔ آج جیل میں نواز شریف سے ملاقات ہوئی ہے۔ نواز شریف کے گردوں کا مرض مزید بڑھ گیا ہے۔

نواز شریف کے گردوں کا مرض اسٹیج تھری تک پہنچ چکا ہے۔ نواز شریف کے بازو میں بدستور تکلیف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے جیل میں طبی معائنے کیلئے حکام آج اسپیشلسٹ کا انتظام کر رہے ہیں۔ نواز شریف کے ذاتی معالج کی موجودگی طبی معائنے کے دوران اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ پنجاب کو اس کیلئے تحریری درخواست بھجوا دی گئی ہے۔