گورنر سندھ عمران اسماعیل نے 15افراد میں سول ایوارڈز تقسیم کئے

ہفتہ 23 مارچ 2019 18:36

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے 15افراد میں سول ایوارڈز تقسیم کئے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والے 15افراد میں سول ایوارڈز تقسیم کرنے کی پروقار تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی۔تقریب کی نظامت کے فرائض چیف سکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے انجام دئیے۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پروفیسر شاھد اے سمیع، کلیم اللہ لاشاری، محمد احمد شاہ، سجاد علی، محمد بشیر فاروقی، اقبال علی لاکھانی اور محمد یونس ٹبہ کو ستارہء امتیاز جبکہ پروفیسر ڈاکٹر سروش ھشمت لودھی، محمد شبیر جان، سیانی خاتون، تاج بلوچ اور صوفیہ یزدانی کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی جبکہ پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ وامق زبیری، سید صبیح الدین رحمانی اور سید علی عباس کو نمایاں کارکردگی پر تمغہ امتیاز کا اعزاز دیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اعزاز حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج اعزاز حاصل کرنے والے اپنے شعبوں کے ماہرین اور اس اعزاز کے صحیح معنوں میں حقدار ہیں۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ اس اعزاز کے ذریعہ ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا گیا ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ اعزاز پانے والے ملک کے نامور سپوت ہیں ،انہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں ، ہمارا وطن ہی ہماری پہچان ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں ،آج اعزاز حاصل کرنے والوں سے درخواست ہے کہ وہ اپنا فن کو زیادہ سے زیادہ نوجوانوں تک منتقل کرنے کی بھرپور کوشش کریں۔

متعلقہ عنوان :