معاشی اور دفاعی طورپر ناقابل تسخیر بن کر قیام پاکستان کے تقاضوں کو پورا کیاجاسکتا ہے،انجینئر امیر مقام

مودی سمیت تمام جنونی لیڈروں کو خاتون وزیراعظم کے مثبت رویے کی پیروی کرنی چاہئے،رہنماء مسلم لیگ (ن)

ہفتہ 23 مارچ 2019 18:41

معاشی اور دفاعی طورپر ناقابل تسخیر بن کر قیام پاکستان کے تقاضوں کو ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے یوم پاکستان پر قوم کو مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو قائداعظم اور علامہ اقبال کے خوابوں کی عملی تعبیر بنائیں گے۔ پاکستان کو معاشی اور دفاعی طورپر ناقابل تسخیر بناکر قیام پاکستان کے تقاضوں کو پورا کیاجاسکتا ہے۔

ہفتہ کو قوم کومبارک دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملائیشیاء کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر بن محمد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ ملائیشیاء میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد خدمات فراہم کررہی ہے۔ ہم ملائیشیاء کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ وہ پاکستانیوں کے لئے مزید بہتری کے امکانات میں ماضی کی طرح تعاون کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

انجینئر امیر مقام نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈاآرڈرن ، ان کی حکومت اور عوام کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ نیوزی لینڈ میں جس طرح مسلمانوں کو شہید کیاگیا، اس نے پوری دنیا میں مہذب انسانوں اور بالخصوص مسلمانوں کو بہت دکھ، کرب اور رنج پہنچایا لیکن نیوزی لینڈ کی وزیراعظم، حکومت اور عوام نے جس طرح ان زخموں پر مرہم رکھا ہے، وہ بھی ایک نئی مثال ہے۔

پوری دنیا میں انصاف پسند اور احترام آدمیت پر یقین رکھنے والے انسان ان کے کردار کو سراہتے ہیں۔ یہ دنیا میں عوام کو قریب لانے اور بین المذاہب ہم آہنگی پیدا کرنے میں اہم سبق ہے۔ مودی سمیت تمام جنونی لیڈروں کو خاتون وزیراعظم کے مثبت رویے کی پیروی کرنی چاہئے اوراس سے سبق سیکھنا چاہئے۔ مسلم لیگ (ن)خیبرپختونخوا کے صدر نے کہاکہ قیام پاکستان اور نظریہ پاکستان کے حوالے سے سب سے بھاری ذمہ داری پاکستان مسلم لیگ (ن) پر عائد ہوتی ہے کیونکہ پاکستان کی بانی جماعت ہونے کی حیثیت سے ہر مسلم لیگی کا فرض ہے کہ وہ اسلاف کے مشن کو تکمیل تک پہنچائے۔

انہوں نے کہاکہ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے تحریک پاکستان کے جذبے سے کام کیا اور ملک کو دفاع، اقتصادیات سمیت ہر شعبے میں بھی بھرپور ترقی دی۔ انجینئر امیرمقام نے کہاکہ پاکستان کو جن خطرات کا سامنا ہے اس کا تقاضا ہے کہ ہم معیشت کے شعبے پر بھی خود کو ناقابل تسخیر بنائیں۔انہوں نے کہاکہ آج کے دن ہم تحریک پاکستان کے قائدین، شہیدوں اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان تمام گمنام ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس عظیم وطن کے لئے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں اور عظیم صدمے برداشت کئے۔