انسانی حقوق کے عالمی ادارے کشمیریوں کے قتل کیخلاف آواز بلند کریں،میر وعظ فورم

مسئلہ کشمیر ایک سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے جسے طاقت اور تشدد کے ذریعے حل نہیں کیا جاسکتا ،ترجمان

ہفتہ 23 مارچ 2019 19:07

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ وادی میں جبر و استبداد کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ کشمیریوں کے قتل ناحق کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں سکو ل پرنسپل رضوان اسد کے زیر حراست قتل کوانتہائی نسانیت سوز، بے رحمانہ اور وحشیانہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ رضوان کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے کردار ادا کریں۔ ترجمان نے رواں ماہ کے دوران سرینگر کی تاریخی جامع مسجد کی تیسری مرتبہ نماز جمعہ کیلئے بند کرنے اورمیرواعظ عمر فاروق کو گھر میں نظر بند کرنے کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض انتظامیہ کا طرز عمل سراسر انتقام گیری پر مبنی اور آمرانہ ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بھارتی فورسز کی طرف سے شوپیاں، حاجن بانڈی پورہ،وارہ پورہ سوپور اور کلنترہ بارہمولہ میں ایک بارہ سالہ کم عمر لڑکے عاطف سمیت سات نوجوانوں کے قتل پرشدید دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو شاندار خراج عقیدت ادا کیا۔انہوں نے یہ بات دہرائی ہے کہ مسئلہ کشمیر ایک سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے جسے طاقت اور تشدد کے ذریعے حل نہیں کیا جاسکتا ۔