Live Updates

پنجاب کابینہ میں تبدیلیوں کا امکان

5میں سے 3 صوبائی وزیروں کی کارکردگی صفر جبکہ 2 کی غیر تسلی بخش ہے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ 23 مارچ 2019 18:58

پنجاب کابینہ میں تبدیلیوں کا امکان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبائی کابینہ میں تبدیلیوں کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پنجاب کی صوبائی کابینہ میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔ وزراء کی کارکردگی صفر ہونے کی وجہ سے وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے وزراء کی کابینہ میں تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 3وزراءکی کارکردگی صفر ہے جبکہ 2 اور وزراء کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے اس لیے انہیں بدلنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے تیزی سے کام کر رہے ہیں، انہوں نے تمام وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لیا ہے اور کچھ وزراء کو ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ کس کس وزیر کو عہدے سے ہٹایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں خبریں گردش کر رہی تھیں کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کو ان کے عہدے سے ہٹایا جارہا ہے اور اس کام کے لیے عمران خان پر اپنی پارٹی میں سے بھی کافی دباؤ تھا لیکن پھر وزیر اعظم نے عثمان بزدار کو ایک موقع دیتے ہوئے کارکردی بہتر بنانے کو کہا جس پر وزیر اعلیٰ نے وزراء کو ہٹانے اور اپنی مرضی کے وزراء لانے کا اختیار مانگا جو کہ وزیراعظم نے انہیں دے دیا جس کے بعد عثمان بزدار پنجاب میں تبدیلیاں لارہے ہیں تا کہ صوبائی حکومت کی کارکردگی بہتر بنائی جاسکے۔

ابھی تک یہ بات سامنے نہیں آئی کہ کن وزراءکو ہٹایا جارہا ہے اور کون سے نئے وزراء صوبائی کابینہ کا حصہ بننے جارہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات