30 سال تک پاکستان کی آٹو مارکیٹ میں راج کرنے والی سوزوکی مہران کی پڑوڈکشن باقاعدہ بند کر دی گئی

سوزوکی مہران کی پروڈکشن ختم کرکے متبادل کے طور پر سوزوکی آلٹو کے نئے ماڈل کو مارکیٹ میں پیش کیا جائے گا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 23 مارچ 2019 18:59

30 سال تک پاکستان کی آٹو مارکیٹ میں راج کرنے والی سوزوکی مہران کی پڑوڈکشن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مارچ2019ء) 30 سال تک پاکستان کی آٹو مارکیٹ میں راج کرنے والی سوزوکی مہران کی پڑوڈکشن باقاعدہ بند کر دی گئی، سوزوکی مہران کی پروڈکشن ختم کرکے متبادل کے طور پر سوزوکی آلٹو کے نئے ماڈل کو مارکیٹ میں پیش کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق دہائیوں تک پاکستانیوں میں بے حد مقبول رہنے والی پاک سوزکی کی مہران گاڑی کی پیداوار بالآخر بند کر دی گءی ہے۔

پاک سوزوکی نے گزشتہ سال 80 کی دہائی سے مارکیٹ میں مقبول رہنے والی مہران کی پیداوار کو بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ سوزوکی مہران کی دنیا بھر میں پیداوار 90 کی دہائی میں بند کر دی گئی تھی، تاہم پاکستان میں اس گاڑی کی پیداوار آج تک جاری رہی۔ تاہم اب مارکیٹ میں نئی کمپنیوں کی آمد کے باعث مقابلے میں اضافہ ہوا ہے، اور نئی اور جدید سے جدید اور قدرے کم قیمت گاڑیاں فروخت کیلئے پیش کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اسی باعث سوزوکی پاکستان نے گزشتہ برس دسمبر میں مہران کو مارکیٹ میں فروخت کیلئے پیش نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اور اب اس اعلان پر عمل کرتے ہوئے سوزوکی مہران کی پروڈکشن باقاعدہ طور پر بند کر دی گئی ہے۔ گزشتہ روز سوزوکی مہران کا آخری ماڈل سوزوکی پلانٹ میں تیار کیا گیا۔ تاہم مہران کے شوقین افراد کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، کیونکہ سوزوکی پاکستان نے مہران کی متبادل گاڑی بھی پیش کر دی ہے۔

سوزوکی آلٹو کے جدید ماڈل کو 800 سی سی سوزوکی مہران کی متبادل کے طور پر مارکیٹ میں فروخت کیلئے پیش کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق 660 سی سی انجن کی حامل سوزوکی آلٹو ایک آٹو میٹک جبکہ 2 مینوئل ماڈلز میں پیش کی جائے گی۔ جبکہ اس گاڑی کی مائلج حیران کن طور پر 37 لیٹر فی کلومیٹر تک ہوگی۔ جبکہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سوزوکی آلٹو کی قیمت 8 لاکھ سے 9 لاکھ روپے کے درمیان ہوگی۔ سوزوکی آلٹو کا آٹو میٹک ماڈل مہنگا جبکہ مینوئل ماڈلز قدرے سستے ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :