Live Updates

پاکستانیوں کو یوم پاکستان بہت بہت مبارک ہو!

عالمی شہرت یافتہ گلوکار ایکسنٹ کا پاکستان کے نام خصوصی پیغام، فیس بک پروفائل پکچر کو پاکستان کے جھنڈے سے رنگ دیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 23 مارچ 2019 19:42

پاکستانیوں کو یوم پاکستان بہت بہت مبارک ہو!
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مارچ2019ء) پاکستانیوں کو یوم پاکستان بہت بہت مبارک ہو! عالمی شہرت یافتہ گلوکار ایکسنٹ کا پاکستان کے نام خصوصی پیغام، فیس بک پروفائل پکچر کو پاکستان کے جھنڈے سے رنگ دیا۔ تفصیلات کے مطابق عالمی شہرت یافتہ گلوکار ایکسنٹ کی جانب سے یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانیوں کے نام خصوصی پیغام جاری کیا گیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر ایکسنٹ نے اپنی پروفائل پکچر کو پاکستان کے جھنڈے میں رنگ دیا اور پاکستانیوں کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی۔ ایکسنٹ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ پاکستان اور پاکستانیوں کیلئے اپنی محبت کا اظہار کر چکے ہیں۔ دوسری جانب ملک بھر میں یومِ پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا اور اس مناسبت سے وفاقی دارالحکومت اسلام اآباد کے پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ اور دفاعی ساز و سامان کی نمائش کی گئی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والی پریڈ میں پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ چین، سعودی عرب اور آذربائیجان کے دستے اور ہواز باز بھی شریک ہوئے۔ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد، وزیراعظم عمران خان اور صدرِ مملکت عارف علوی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے جبکہ غیر ملکی مہمان بحرین کی نیشنل گارڈ کے سربراہ اور آذربائیجان کے وزیر دفاع بھی تقریب میں شریک تھے اس کے علاوہ چیئرمین جوائنٹ چیفس، تینوں سروسز چیف، حکومتی شخصیات، غیر ملکی سفراء اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی مرکزی تقریب میں موجود تھیں ۔

اس موقع پر روایتی بگل بجا کر صدر مملکت کی پریڈ گراؤنڈ میں آمد کا اعلان کیا گیا جو خصوصی لال بگھی میں سوار ہو کر پریڈ گراؤنڈ پہنچے۔صدرِ مملکت سمیت مہمانانِ خصوصی کی آمد کے بعد گراؤنڈ میں قومی ترانا پڑھا گیا اور تلاوتِ کلام پاک کی گئی جس کے بعد صدرِ مملکت عارف علوی کو مسلح افواج کے دستوں سے سلامی پیش کی اور صدر نے مسلح افواج کی پریڈ کا معائنہ کیا۔

صدرِ مملکت کو سلامی پیش کیے جانے کے بعد پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی سربراہی میں جنگی طیاروں نے صدرِ مملکت کو سلامی دی ، ائیرچیف نے کاک پٹ سے براہِ راست پیغام دیاکہ ہم اپنی فضائوں کی نگہبانی کرنا جانتے ہیں، اس موقع پر ایئر چیف نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔ائیر چیف کی سربراہی میں پاک فضائیہ کے ایف 16 طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا اور اس دوران طیاروں کی گھن گھرج نے وفاقی دارالحکومت کا ماحول گرما دیا۔

ائیر چیف مارشل نے ایف 16 طیارے میں پریڈ گراؤنڈ کے چکر لگائے اور فضا میں بلند ہوگئے، جے ایف 17، ایف 16، میراج اور ایف 7 پی طیاروں نے بھی فلائی پاسٹ کیا۔صدرِ مملکت عارف علوی نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کیا اور شاندار پریڈ کے انعقاد پر مسلح افواج اور منتظمین کو مبارکباد دی۔پاک فوج، رینجرز، بحریہ کے دستوں نے معزز مہمانوں کو سلامی دی اور الخالد ٹینکوں کے دستے نے بھی مخصوص انداز میں سلامی پیش کی۔

تقریب میں دفاعی سازو سامان کی نمائش کی گئی جس میں دشمن کو دندان شکن جواب دینے کی صلاحیت رکھنے والے الخالد سمیت دیگر ٹینکوں اور میزائلوں کی بھی نمائش کی گئی۔تقریب میں موجود مہمان وزیراعظم مہاتیر محمد کو پاکستان کا قومی پرچم پیش کیا گیا، انہوں نے سبز ہلالی پرچم کو بصدِ احترام بوسہ دیا۔تقریب کے آخر میں گلوکار ساحر علی بگا نے آئی ایس پی آر کی جانب سے یومِ پاکستان کیلئے بنایا گیا خصوصی نغمہ گاکر شرکا کا لہو گرمایا۔

قبل ازیں یومِ پاکستان پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صبح کے آغاز پر31 توپوں جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی،مساجد میں ملکی سلامتی، استحکام اور امن کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے اور موبائل فون سروس بھی بارہ بجے تک بند رہی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات