میاں اسلم اقبال نے لاہور آرٹ گیلری میں یوم پاکستان کے حوالے سے تصویری نمائش کا افتتاح کیا، تخلیقی فن پاروں کو سراہا

تصویری نمائش دیکھ کر تحریک پاکستان کی یاد تازہ ہوگئی ہے ، نمائش کے ذریعے قرار داد اور تحریک پاکستان کی بھرپور عکاسی کی گئی ہے ․23 مارچ 1940کو قرار داد کے ذریعے قیام پاکستان کی بنیاد رکھی گئی، ہمیں اپنے بچو ں کو اس دن کی اہمیت سے آگاہی دینا ہے‘ صوبائی وزیر مصوروں نے قرار داد پاکستان او ر تحریک پاکستان کی جدوجہد کو رنگوں کے ذریعے کینوس پر منتقل کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے‘ اطہر علی خان

ہفتہ 23 مارچ 2019 20:02

میاں اسلم اقبال نے لاہور آرٹ گیلری میں یوم پاکستان کے حوالے سے تصویری ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میا ں اسلم اقبال نے الحمرا آرٹ گیلری میں یوم پاکستان کے حوالے سے تصویری نمائش کا افتتاح کیا ۔ صوبائی وزیر نے افتتاح کے بعد تصویری نمائش دیکھی اور فنکاروں کی تخلیق کو سراہا ۔چیئرمین بورڈ آف گورنرز آرٹس کونسل توقیر ناصر ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل اطہر علی خان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد تقریب میں موجود تھے ۔

صوبائی وزیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تصویری نمائش دیکھ کر تحریک پاکستان کی یاد تازہ ہوگئی ہے ۔تصویری نمائش کے ذریعے قرار داد پاکستان کی اہمیت اور تحریک پاکستان کی بھرپور عکاسی کی گئی ہے ۔ مصوروں نے اپنی تخلیقی سوچ سے ایسے فن پارے تخلیق کئے ہیں جو دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہاکہ وقت کی ضرورت ہے کہ نئی نسل کو تحریک قیام پاکستان سے آگاہ کیاجائے اور انہیں بتایاجائے کہ پاکستان ان تھک کاوشوں اور لازوال قربانیوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آیاہے ۔

23 مارچ 1940 کو قرار داد کے ذریعے قیام پاکستان کی بنیاد رکھی گئی اور ہمیں اپنے بچو ں کو اس دن کی اہمیت سے آگاہی دینا ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ جس مقصد کے لئے پاکستان حاصل کیاگیا تھا بدقسمتی سے وہ آج بھی پورا نہیں ہوسکا ہے ۔ ہمیں قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل کے لئے اپنے ذہنوں میں تبدیلی لانا ہوگی ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ماضی کو بھلا کر قیام پاکستان کے مقاصد کے حصول کے لئے جدوجہد کی جائے اور یہی آج کے دن کا پیغام ہے ۔

صوبائی وزیر نے کہاکہ الحمرا آرٹس کونسل تحریک پاکستان ، بانیان پاکستان کی جدوجہد او رملی نغموں کے مقابلوں کا بھی اہتمام کرے ۔بعدازاں صوبائی وزیر نے الحمرا ہال میں یوم پاکستان کے حوالے سے جاری ڈرامہ بھی دیکھا اور فنکاروں کی کارکردگی کوسراہتے ہوئے کہاکہ فنکار ہمارے ملک کا اثاثہ ہیں اور یہ بڑے حساس لوگ ہوتے ہیں جو عملی زندگی میں کوئی کردار دیکھنے کے بعد اسے اپنی شخصیت میں جذب کرکے اس کا اظہار کرتے ہیں ۔

صوبائی وزیر نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان ہماری پہچان ہے او رہم نے اس پہچان کو مضبوط بنانا ہے ۔ چیئرمین بورڈ آف گورنرز لاہور آرٹس کونسل توقیر ناصر نی23 مارچ ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہاکہ آج کے دن ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم بحیثیت قوم ملک کی ترقی کے لئے نیک نیتی سے اپنا کردار ادا کریں گے ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل اطہر علی خان نے کہاکہ مصوروں نے قرار داد پاکستان او ر تحریک پاکستان کی جدوجہد کو رنگوں کے ذریعے کینوس پر منتقل کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے ۔

فن کے دلدادا افراد فنکاروں کی تخلیقی کاوشوں کو سراہتے رہیں گے ۔انہو ں نے کہاکہ نمائش میں تحریک پاکستان کی سرگرمیوں پر مبنی نایاب تصویریں رکھی گئی ہیں جو فن مصوری میں دلچسپی رکھنے والوں کو دعوت نظارہ دیتی رہیں گی ۔