Live Updates

یومِ پاکستان پہ مودی کے پیغام پر بھارتی بھی حیران

بھارتی صحافی نے کہا کہ مودی کے پاکستان کو پیغام پر ہم بھی حیران ہیں

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ 23 مارچ 2019 19:49

یومِ پاکستان پہ مودی کے پیغام پر بھارتی بھی حیران
نئی دہلی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ2019ء) بھارتی صحافی سدھیندرا کلکرنی نے کہا ہے کہ مودی کی جانب سے یومِ پاکستان کے موقع پر پیغام نے بھارتیوں کو بھی حیرت میں ڈال دیا ہے۔ صحافی نے پاکستانی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستانی وزیراعظم کو یومِ پاکستان پر جو پیغام دیا ہے اس پر پاکستان تو حیران ہے ہی لیکن اس کے ساتھ ہم بھی حیران ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے حالات پر نظر ڈالنے اور بھارتی جنتا پارٹی کا پاکستان کے حوالے سے موقف جاننے کے بعد مودی کے اس پیغام نے بھارت کو بھی حیران کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستانیوں نے23مارچ کے روزقراردادِ پاکستان کی یاد میں یومِ پاکستان منایا جس کے حوالے سے پوری دنیا نے پاکستان کو خیرسگالی کے پیغامات بھیجے تھے لیکن سب سے اہم پیغام بھارت کے وزیر اعظم کی جانب سے موصول ہوا، جمعہ کے روز یومِ پاکستان سے ایک روز پہلے بھارتی وزیراعظم نے عمران خان کو پیغام میں کہا کہ ’میں یومِ پاکستان کے دن کے موقع پر پاکستانی عوام کو مبارک باد دیتا ہوں اور میری نیک تمنائیں انکے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

اب وقت آگیا ہے کہ برصغیر کے لوگ مل کے دہشت گردی اور خوف کی فضاء سے نکل کرعلاقے کی جمہوریت،امن اور خوشحالی کے لیے کام کریں۔‘ اس پیغام نے جہاں پاکستان کو حیران کیا وہاں خود بھارت بھی حیران ہے کہ مودی نے پاکستان کو امن کا پیغام دے دیا جبکہ چند روز پہلے تک پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بڑھتے بڑھتے جنگ کی صورت حال اختیار کرنے کے قریب پہنچ چکی تھی۔ پاکستانی وزیراعظم نے بھارتی وزیراعظم کے پیغام کو خوش آئند کہا اوربھارت کو مذاکرات کے ذریعے کشمیر اور دوسرے مسائل کے حل کی دعوت دی۔ بھارتی وزیراعظم کا ان حالات میں پیغام بہت اہم ہے جب کہ دونوں ممالک کے درمیان شدید کشیدگی چل رہے ہے۔ اسی لیے بھارتی صحافی نے بھی مودی کے اس پیغام پر حیرانی ظاہر کی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات