ملالہ یوسف زئی کا لڑکیوں کی تعلیم کیلئے فنڈز میں اضافے کا مطالبہ

دنیا بھر میں ایک ارب 30 کروڑ لڑکیاں اسکول نہیں جاتیں ، لاکھوں ہی لڑکیاں جدید دور کے ساتھ چلنے کو تیار نہیں، جاپانی وزیراعظم شینزوایبے کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس ہم خواتین کو بااختیار بنانے کے بین الاقوامی رجحان کو مزید فروغ دیں گے تاکہ ملالہ کی سرگرمیوں اور جاپان کی کوششوں کو ہم آہنگی کا تاثر پیدا کرے، جاپانی وزیراعظم

ہفتہ 23 مارچ 2019 20:07

ملالہ یوسف زئی کا لڑکیوں کی تعلیم کیلئے فنڈز میں اضافے کا مطالبہ
ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2019ء) نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے جاپان سمیت جی20 ممالک سے لڑکیوں کی تعلیم کے لیے فنڈز میں اضافے کا مطالبہ کر دیا۔ ملالہ یوسف زئی نے ٹوکیو میں جاپانی وزیر اعظم شنزو ابے کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جاپانی وزیر اعظم رواں سال کے جی 20 اجلاس میں میزبان کی حیثیت سے لڑکیوں کی تعلیم اور ان کے مستقبل کے لیے دنیا بھر کے رہنماں کو فنڈنگ پر آمادہ کریں گے۔

لڑکیوں کی تعلیم کے لیے مہم چلانے والی پاکستانی لڑکی ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ دنیا بھر میں ایک ارب 30 کروڑ لڑکیاں اسکول نہیں جاتیں جب کہ لاکھوں ہی لڑکیاں جدید دور کے ساتھ چلنے کو تیار نہیں۔ملالہ یوسف زئی نے جاپانی وزیراعظم شنزو ابے کو مستقبل میں معاشی استحکام اور عالمی امن کی خاطر اس وقت لڑکیوں کی تعلیم پر سرمایہ کاری کی اہمیت کے حوالے سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں ںے امید ظاہر کی کہ جاپانی وزیر اعظم جی 20 کی صدارت کو استعمال کرتے ہوئے جاپان میں میری بہنوں کی تعلیمی مدد کریں گے۔جاپانی وزیر اعظم نے کہا کہ وہ جون کے مہینے میں اوساکا میں ہونے والے اجلاس کے دوران معاشرے میں خواتین کی حیثیت جیسے اہم موضوع پر روشنی ڈالیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم خواتین کو بااختیار بنانے کے بین الاقوامی رجحان کو مزید فروغ دیں گے تاکہ ملالہ کی سرگرمیوں اور جاپان کی کوششوں کو ہم آہنگی کا تاثر پیدا کرے۔

جاپانی وزیر اعظم نے خواتین کی تعلیم و ترقی کے لیے ملالہ یوسف زئی کی کوششوں پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مشکلات اور خطرات کے باوجود ملالہ یوسف زئی نے خواتین کی تعلیم کے لیے آواز بلند کر کے مثال قائم کی۔آکسفورڈ یونیورسٹی کی 21 سالہ طالبہ نے پہلی بار جاپان کے دورے کے موقع پر 2 روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں خواتین کے لیے تعلیم کی اہمیت پر خصوصی خطاب کریں گی۔یاد رہے کہ ملالہ یوسف زئی اکتوبر 2012 میں اسکول وین میں فائرنگ کا نشانہ بنی تھیں جس کے بعد وہ لڑکیوں کی تعلیم کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے 2014 میں 17 سال کی عمر میں نوبل امن انعام جیتا۔