وزیراعلیٰ سندھ کا مفتی تقی عثمانی پر قاتلانہ حملے میں شہید اہلکار کے نابینا بچوں کے علاج کرانے اور مفت تعلیم کا اعلان

ہفتہ 23 مارچ 2019 20:24

وزیراعلیٰ سندھ کا مفتی تقی عثمانی پر قاتلانہ حملے میں شہید اہلکار کے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2019ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ مفتی تقی عثمانی پر قاتلانہ حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کے نابینا بچوں کے علاج کرانے اور مفت تعلیم کا اعلان کردیا۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ شہید ہونے والے سپاہی فاروق کے گھر گئے اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی،وزیراعلیٰ سندھ نے شہید سپاہی کے والد سے تعزیت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ شہید سپاہی فاروق کے تین بچے نابینہ ہیں، وزیراعلیٰ نے شہید کے والد سے کہا کہ باپ کا نعم البدل نہیں، ہم آپ کو بیٹے کی کمی محسوس ہونے نہیں دیں گے، وزیراعلیٰ سندھ نے شہید سپاہی کے نابینہ بچوں کو تعلیم دلوانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے بچوں کو ہم تعلیم سے آراستہ کریں گے، وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو نابینا بچوں کے علاج کروانے کی ہدایت بھی کی۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ یہ بہت تکلیف دہ واقعہ ہوا ہے، ہمارے سپاہی نے اپنی جان دے کر دشمنوں کو سخت جواب دیا،ہمارا سب کا فرض بنتاہے ہم شہید سپاہی کے بچوں کی تعلیم ، علاج اور مالی ضرورت پوری کریں ۔#