بھارت کا ایک اور ظالمانہ اقدام : حریت رہنما یٰسین ملک کی تنظیم پر پابندی عائد کردی

ہفتہ 23 مارچ 2019 20:24

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2019ء) نئی دہلی نے بھارت کے تسلط سے کشمیر کی آزادی کے خواہاں رہنما یسین ملک کی تنظیم جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) پر باندی عائد کردی۔ بھارت نے یہ اقدام علیحدگی پسند تنظیموں کے خلاف جاری کریک ڈان کا حصہ قرار دیا۔نئی دہلی سے جاری کردہ بیان میں بھارتی حکومت نے جے کے ایل ایف کو غیر قانونی تنظیم قرار دیتے ہوئے اسے علیحدگی پسند تنظیموں کی وجہ سے ملک کے اتحاد اور سالمیت کو لاحق خطرات کے خلاف کارروائی کا حصہ بتایا۔

واضح رہے کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما یسین ملک کو 14 فروری کو پلوامہ میں ہونے والے حملے کے بعد کی گئی کارروائیوں کے دوران گرفتار کرلیا گیا تھا۔بھارتی سیکیورٹی اہلکاروں پر ہونے والے اس حملے کے نتیجے میں 40 سے زائد بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد سے اختلافِ رائے رکھنے والوں کے خلاف اتھائے جانے والے اقدامات میں ایک ہزار سے زائد افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 1989 سے متعدد تنظیمیں ہمالیہ کے خطے کی بھارت سے آزادی اور پاکستان سے الحاق کی جدو جہد کررہی ہیں۔بھارتی سیکیورٹی فورسز کے مطابق کشمیر میں بھارتی فوج اور کشمیری نوجوانوں کے درمیان ہونے والی 3 جھڑپوں کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جس میں ایک 12 سالہ نوجوان بھی شامل ہے۔دوسری جانب بھارتی فوج کے خلاف احتجاج کرنے والے کشمیریوں پر سیکیورٹی اہلکاروں نے پیلٹ گنز اور گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں متعدد کشمیری زخمی ہوگئے۔