جبلِ باغوز میں ایس ڈی ایف اور داعش کی باقیات کے درمیان گھمسان کی لڑائی

ہتھیار ڈالنے سے انکار کرنے والی داعش کی چھوٹی چھوٹی ٹولیاں حملے کر رہی ہیں،ترجمان ایس ڈی ایف

ہفتہ 23 مارچ 2019 21:53

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2019ء) شام کے مشرقی علاقے باغوز میں سرنگوں کے اندر روپوش داعش تنظیم کے بچے کھچے ارکان اور علاقے میں موجود سیرین ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) کے درمیان شدید جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ایس ڈی ایف کے میڈیا سینٹر کے ڈائریکٹر مصطفی بالی نے انٹرویو میں کہا کہ داعش تنظیم عسکری طور پر ختم ہو چکی ہے اور اب اس کا ایک گروپ باغوز کی چٹانوں میں روپوش ہے اور دوسرا دریائے فرات کے نزدیک مورچہ بند ہے۔

بالی کے مطابق داعش کے خلاف فتح کا اعلان چند گھنٹوں کا کھیل رہ گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ داعش کی باقیات کے خاتمے کے لیے جبل باغوز کے گرد گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔ادھر ایس ڈی ایف کے ترجمان عدنان عفرین کے مطابق ہتھیار ڈالنے سے انکار کرنے والی داعش کی چھوٹی چھوٹی ٹولیاں حملے کر رہی ہیں اور ایس ڈی ایف اس کا جواب دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری فورسز دبا ڈال رہی ہیں تا کہ وہ خود کو حوالے کر دیں یا پھر لڑائی کے ذریعے معاملہ ختم کر دیا جائے۔

واشنگٹن کی حمایت یافتہ ایس ڈی ایف کے مطابق جمعے کے روز شام میں دریائے فرات کے کناروں پر محصور داعش کے جنگجوں کے آخری جتھے کے خلاف فضائی بم باری اور توپوں کی گولہ باری کا سلسلہ دوربارہ شروع کیا گیا۔سیرین ڈیموکریٹک فورسز نے باغوز قصبے میں داعش تنظیم کی باقیات کے خاتمے کے لیے گزشتہ ماہ نو فروری کو حملے کا آغاز کیا تھا۔داعش کے زیر کنٹرول باغوز کا بچا کھچا علاقہ نکل جانے کا مطلب شمال مشرقی شام میں شدت پسند تنظیم کے کنٹرول کا خاتمہ ہو گا۔ اس سے قبل 2017 میں داعش کو عراق میں مکمل شکست کا سامنا ہو چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :