Live Updates

پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، عمران قریشی

ہفتہ 23 مارچ 2019 22:45

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2019ء) پاکستان تحریک انصاف حیدرآباد ڈویژن کے سینئر نائب صدر عمران قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے ۔ آج پوری قوم متحد ہوکر یوم پاکستان منارہی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے عوام اپنے ملک سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور پاکستان پر میلی نظر ڈالنے والوں کو کبھی برداشت نہیں کریں گے۔

وہ کالی موری ، پٹھان کالونی اور خواجہ کالونی میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے یوم قرارداد پاکستان کی تقریبات کے اجتماعات سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ملائیشیا کے صدر ڈاکٹر مہاتیر محمد کی آمد نے یوم دفاع پاکستان کی تقریبات کو دوبالا کردیا۔ ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان ہونے والے تجارتی روابط اور تجارتی معاہدے آنے والے دنوں میں پاکستان کو مزید مضبوط کریں گے ۔

(جاری ہے)

پاکستان اس وقت معاشی بحران سے دوچار ہے جس کی بنیادی وجہ سابقہ حکومتوں کی نااہلی اور کرپشن ہے جس کی وجہ سے پاکستان میں مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کچھ عرصے میں پاکستان کی معیشت مستحکم ہونا شروع ہوجائے گی ۔ پاکستان کے دوست ممالک اور وزیراعظم و وزیرخارجہ کے بیرون ممالک کے دوروں کے بعد بڑے پیمانے پر معاشی معاملات طے ہوئے ہیں جس سے پاکستان کی معیشت ایک مرتبہ پھر اپنے پاؤں پر کھڑی ہوگی اور ملک سے غربت، بیروزگاری اور افلاس کا خاتمہ ہوسکے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات