پاک ترکی لازوال دوستی کی جھلک ایک مرتبہ پھر دنیا کے سامنے آگئی

یوم پاکستان : ترکی کے شہروں میں عمارتیں پاکستان کے قومی رنگ سبز سے جگمگا اٹھیں

ہفتہ 23 مارچ 2019 23:01

پاک ترکی لازوال دوستی کی جھلک ایک مرتبہ پھر دنیا کے سامنے آگئی
استنبول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2019ء) یوم پاکستان کے موقع پر ترکی کے شہروں میں عمارتیں پاکستان کے قومی رنگ سبز سے جگمگا اٹھیں۔پاکستان اور ترکی کی لازوال دوستی کی جھلک ایک مرتبہ پھر دنیا کے سامنے آگئی۔اسلام آباد میں قائم ترک سفارتخانے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا جس میں پاکستان کے قومی رنگ سے مزین عمارت اور پل کی تصویر دکھائی گئی۔

ترک سفارتخانے نے اپنے پیغام میں کہا کہ ' ہم پاکستان میں اپنی بہنوں اور بھائیوں کو تہہ دل سے یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔'سفارتخانے کی جانب سے جاری ہونے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ استنبول کا بوسپورس برج کو سبز رنگ میں ڈھل گیا جبکہ دوسری جانب انقرہ کی ایک عمارت کے الیکٹرونک بورڈ میں جیوے پاکستان کی عبارت موجود ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ترک صارفین نے بھی اس عمارت کی ویڈیو شیئر کی۔اس کے علاوہ عمارت کے قریب موجود ایک ٹاور پر پاکستان اور ترکی کے پرچم بھی آویزاں تھے۔خیال رہے کہ ملک بھر میں قرار دادِ پاکستان پیش کیے جانے کے 79 سال پورے ہونے پر یومِ پاکستان خصوصی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے جہاں اس دن کی مناسبت سے مرکزی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد بھی بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔