علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے بہار 2019 میں داخلہ جمع کرانے والے طلبہ کیلئے اہم معلومات جاری کر دیں

داخلہ مکمل ہونے پر طلبہ کوموبائل فون پر تصدیقی پیغام موصول ہو گا داخلہ کی تصدیق نہ ہونے کی صورت میں امیدواران کو جون کے پہلے ہفتہ میں یونیورسٹی سے رابطہ کرنے کی ہدایت

ہفتہ 23 مارچ 2019 23:20

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے بہار 2019 میں داخلہ جمع کرانے والے طلبہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے بہار 2019 میں داخلہ جمع کرانے والے طلبہ کیلئے اہم معلومات جاری کر دیں ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو شعبہ داخلہ کی طرف سے جاری کردہ معلومات میں کہا گیا ہے کہ بہار 2019 کے سمسٹر میں تقریباً سات لاکھ فارمز بینکوں میں جمع ہوئے ہیں۔ بینکوں سے فارم یونیورسٹی کو ملنا شروع ہو چکے ہیں اور ان پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔

داخلہ مکمل ہونے پر طلبہ کوموبائل فون پر تصدیقی پیغام موصول ہو گا۔ نامکمل فارم کی صورت میں اعتراض کا خط اور موبائل پر پیغام بھیجا جائے گا۔ اعتراض دور ہونے کے بعد داخلہ دے دیا جائے گا۔ داخلہ کی تصدیق اور اعتراض کی معلومات یونیورسٹی ویب سائٹ سے بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

میرٹ کی بنیاد پر پیش کئے گئے پروگرامز کیلئے داخلہ ٹسٹ اور انٹرویو متعلقہ شعبہ منعقد کرے گا۔

منتخب ہونے والے امیدواران کو موبائل فون پر پیغام بھی بھیجا جائے گا اور شعبہ داخلہ کی طرف سے فیس جمع کروانے کیلئے بنک چالان بھیجا جائے گا۔ میرٹ لسٹ یونیورسٹی ویب سائٹ پر دستیاب ہوگی۔ داخلوں کے عمل کے متوازی کتب بھیجنے کا سلسلہ بھی مارچ کے آخر میں شروع ہو جائے گا۔ داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کو پاکستان پوسٹ کے ذریعے کتب موصول ہوں گی۔

داخلہ اور کتب رسانی کا عمل مئی کے آخر تک جاری رہے گا۔داخلہ کی تصدیق نہہونے کی صورت میں امیدواران کو جون کے پہلے ہفتہ میں یونیورسٹی سے رابطہ کرنا ضروری ہے۔مطالعے کی مدت(study period) کا آغاز مئی کے آخر سے ہو گا۔مطالعاتی مرکز اور ٹیوٹر کی معلومات متعلقہ ریجنل آفس سے ارسال کی جائیں گی۔ یہ معلومات ویب سائٹ پر بھی میسر ہوں گی۔مطالعے کی مدت چار ماہ میں ہو گی۔

اس کے دوران مشقیں حل کر کے مقررہ تاریخوں تک ٹیوٹرز کو بھجوانا ہوں گی اور پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کی ورکشاپ میں شمولیت لازم ہو گی۔چند پروگرامز کی لازمی اور فاصلاتی نظام پر پیش کئے گئے پرو گرامز کی اختیاری کلاسیں مطالعے کی مدت کے دوران منعقد ہوں گی۔ کلاسز کا نظام الاوقات کتب کے ساتھ موصول ہو گا اور مطالعاتی مرکز کی اطلاع ٹیوٹرز کی معلومات کے ساتھ ریجنل آفس سے موصول ہوں گی۔

سمسٹر کے اختتام پر فائنل امتحان ہو گا جس کے لئے صرف وہی طلبہ اہل ہوں گے جو مشقیں پاس کر لیں گے۔ فائنل امتحان تقریباً ستمبر میں منعقد ہوں گے۔ طلبہ سے متعلق زیادہ تر معلومات یونیورسٹی ویب سائٹ پر میسر ہوتی ہیں۔ مزید معلومات کیلئے متعلقہ ریجنل آفس سے رابطہ کریں یا متعلقہ شعبہ کو ای میل کریں۔ شکایات کے ازالہ کے لیے ویب سائٹ پر خود کار نظام بھی موجود ہے۔ اس کے علاوہ ہیلپ لائن پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔