پاکستان سپر لیگ کی فاتح ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کوئٹہ پہنچ گئی

بلوچستان کے غیور عوام نے امن کیلئے بہت قربانی دی ہیں یہ جیت ہم ان کے نام کرتے ہیں، اگلے ایڈیشن میں کوئٹہ کے کھلاڑہوں کو کھیلنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، سرفراز احمد اور ندیم عمر کی میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 23 مارچ 2019 23:20

پاکستان سپر لیگ کی فاتح ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کوئٹہ پہنچ گئی
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) پاکستان سپر لیگ کی فاتح ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کوئٹہ پہنچ گئی ٹیم اونر ندیم عمر ،کپتان سرفراز احمد ،کوچ معین خان، اوپنر احمد شہزاد ودیگر پی ایس ایل فور کی چیمپئن ٹرافی لیے کوئٹہ پہنچے تفصیلات کے مطابق ہفتے کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کوئٹہ ایئرپورٹ پہنچی جہاں پر صوبائی وزرا ظہور بلیدی، عبدالخالق ہزارہ اراکین صوبائی اسمبلی بشریٰ رند، مبین خلجی، عبدالرشید بلوچ کمشنر کوئٹہ ڈویژن ،ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ ، ڈپٹی کمشنر اور ڈپٹی کمشنر جنرل کوئٹہ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹیم کا استقبال کیا،جبکہ ایئرپورٹ پر شائقین کرکٹ کی بھی بڑی تعداد موجود تھی جہنوں نے کھلاڑیوں پر پھول نچاور کیے، اور کوئٹہ کوئٹہ کے نعرے لگاتے ہوئے کھلاڑیوں کو ایئرپورٹ پر خوش آمدید کہا۔

(جاری ہے)

ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے فرنچائزاونر ندیم عمر اور کپتان سرفراز احمد کا کہناتھا کہ پی ایس ایل فور میں چیمپئن ٹرافی جیت کر بلوچستان کے عوام تحفہ دیا، کوئٹہ کے عوام کرکٹ سے محبت کرنے والے لوگ ہیں، شاندار استقبال پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں، بلوچستان کے غیور عوام نے امن کیلئے بہت قربانی دی ہیں یہ جیت ہم ان کے نام کرتے ہیں، اگلے ایڈیشن میں کوئٹہ کے کھلاڑہوں کو کھیلنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔