پاسدارانِ انقلاب کے جوانوں کو بازیاب کروا کر ایران کے حوالے کرنے پر ایران نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا

پاکستان نے اغواء ہونے ایرانی فوجیوں کو بازیاب کروا کر ایران بھیجا تھا جس پر ایران نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ 23 مارچ 2019 23:57

پاسدارانِ انقلاب کے جوانوں کو بازیاب کروا کر ایران کے حوالے کرنے پر ..
تہران(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ2019ء) اکتوبر 2018میں پاسدارانِ انقلاب کے فوجیوں کی چوکی پر حملے کے بعد اغواءہوجانے والے چار جوانوں کی بازیابی اور ایران واپسی پر تہران حکومت نے پاکستان کو تشکر کا پیغام بھیجا ہے۔ پاکستان نے چند روز پہلے ایرانی فوجی ایران کے حوالے کیے تھے جس پر ایران نے پاکستان حکومت اور فوج کا شکریہ ادا کیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال پاک ایران سرحد پر ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی چوکی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس میں کچھ جوان ہلاک ہو گئے تھے جبکہ کچھ کو دہشت گرد اغواءکر کے اپنے ساتھ لے گئے تھے۔ ایران نے پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ دہشت گرد پاکستان سے آئے تھے اس لیے پاکستان کو اپنے ملک سے ایران آنے والے دہشت گردوں کو روکنا ہو گا لیکن چند روز پہلے اسی سرحد پر کچھ دہشت گردوں نے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر پاکستانی افواج نے دراندازوں کے ساتھ جھڑپ کی اور انہیں گرفتار کر لیا جبکہ ان کے قبضے سے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے چار جوان بھی بازیاب ہوئے۔

(جاری ہے)

پاکستان نے ایران کو ایرانی فوجی واپس کر دیے اور پیغام بھیجا کہ پاکستان سے دہشت گرد ایران میں داخل نہیں ہوتے بلکہ ایران کی جانب سے دہشت گرد پاکستان میں داخل ہوتے ہیں اور ایران کو اس کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔ایران نے اپنے پاسدارانِ انقلاب کے جوانوں کی واپسی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے اور تشکر کے کلمات بھیجے ہیں۔دونوں ممالک کے ترجمان نے پیغام جاری کیا ہے کہ دونوں ممالک مل کر دہشت گردی کے خلاف کام کرتے رہیں گے۔