بھارتی کرکٹرگوتم گمبھیر کی بی جے پی میں شمولیت ،انتخابات لڑنے کا اعلان

مودی اور ان کے نظرئیے سے متاثر ہوکر اس جماعت میں شمولیت اختیار کی ہے،پریس کانفرنس

اتوار 24 مارچ 2019 14:25

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2019ء) سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جماعت بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔بھارتی ٹی وی کے مطابق گوتم گمبھیر بھارت میں ہونے والے انتخابات میں امیدوار کے طور پر سامنے آئیں گے اوراس کا فیصلہ بی جے پی کا پینل بہت جلد کرے گا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر 90 لاکھ فالوورز کے ساتھ گوتم گمبھیر بھارتیا جنتا پارٹی (بی جے پی) کی انتخابی مہم کو مزید تقویت فراہم کریں گے۔

خیال رہے کہ بھارت میں 11 اپریل سے 23 مئی تک عام انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا۔نئی دہلی سے تعلق رکھنے والے بھارتی ٹیم کے سابق بلے باز بھارت کے لیے 2 کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔اس کے علاوہ انہوں نے انڈین پریمیئر لیگ میں بھی اپنے کلب کی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے اسی2 فتح دلائی ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی وزارت خزانہ ارن جیٹلے کی جانب سے متعارف کرائے جانے پر 37 سالہ گوتم گمبھیر کا کہنا تھا کہ میں نے ہمارے وزیر اعظم اور ان کے نظریے سے متاثر ہوکر اس جماعت میں شمولیت اختیار کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں کرکٹ میں جو کچھ کرسکتا تھا، کر چکا، اور اب یہ، سب سے بہترین پلیٹ فارم کے ذریعے ملک کے لیے حقیقی طور پر کچھ کرنا چاہتا ہوں، اس جماعت کو آگے لے کر جانا ہے اور اس ملک کو رہنے کے لیے سب سے بہتر جگہ بنانی ہے۔ارون جیٹلے کا کہنا تھا کہ جماعت کی الیکشن کمیٹی فیصلہ کرے گی کہ گمبھیر کو امیدوار نامزد کرنا ہے کہ نہیں۔