تین افریقی ممالک میں طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 700 سے تجاوز کر گئی

موزمبیق،زمبابوے اورملاوی میں طوفان و سیلاب سے متاثرہ سیکڑوں بے گھر افراد امداد کے منتظر ہیں،رپورٹ

اتوار 24 مارچ 2019 14:25

تین افریقی ممالک میں طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 700 سے تجاوز کر گئی
ہراری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2019ء) براعظم افریقہ کے جنوبی ممالک میں سمندری طوفان اور سیلاب کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 700 سے تجاوز کر گئی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طوفان و سیلاب سے متاثرہ سیکڑوں بے گھر افراد اب بھی امداد کے منتظر ہیں۔طوفان ایڈائی موزمبیق کے ساحلی شہر بیرا سے ٹکرایا تھا اور طوفان میں ہوا کی رفتار 170 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔

اس حوالے سے وزیر ماحولیات سیلوز کوریا نے بتایا کہ موزمبیق میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 242 سے بڑھ کر 417 ہو گئی۔انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال بہتری کی جانب ہے لیکن تاحال خطرے سے خالی نہیں۔دوسرے افریقی ملک زمبابوے میں بھی طوفان سے 259 افراد ہلاک ہوئے جبکہ مًلاوی میں شدید بارشوں کے بعد طوفان سے 56 ہلاکتیں ہوئیں۔

(جاری ہے)

تینوں ممالک میں متاثرین اپنے لواحقین کی تلاش کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹا رہے ہیں اور سیکڑوں افراد محفوظ مقام، خوراک اور پانی کی تلاش میں ہیں۔4 بچوں کی 26 سالہ ماں میمی مینیول نے بتایا کہ طوفان کے باعث وہ بے گھر ہو گئیں اور پرائمری اسکول میں عارضی طور پر پناہ لی ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ تمام خوراک نم ہو چکی ہے اور اب مجھے اندازہ نہیں کہ بچوں کو لے کر کدھر جاؤں۔