Live Updates

سندھ بھر میں بڑھتے ہوئے اغوا کے واقعات اور جبری مذہب تبدیلی کے معاملے پر ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کا قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کرنے کا فیصلہ

اتوار 24 مارچ 2019 16:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2019ء) سندھ بھر میں کم سن ہندو بچیوں کے بڑھتے ہوئے اغوا کے واقعات اور جبری مذہب تبدیلی کا معاملہ، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا،پانچ نکاتی قرارداد کا متن سوشل میڈیا پر گردش میں آگیا،بروقت ایکشن لینے پر ڈاکٹررمیش کمار نے اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ہندوکونسل کی مینیجنگ کمیٹی کے اجلاس میں حالیہ اغوا ہونے والی رینا اور روینا نامی دو کم سن ہندو بہنوں اور میرپورخاص سے شانیا نامی ہندو بچی کے اغوا کا معاملہ زیرغور آیا،تینوں بچیوں کی عمریں لگ بھگ تیرہ سے چودہ سال ہیں،پاکستان ہندوکونسل نے سرپرست اعلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی سے استدعا کی کہ وہ پارلیمان، میڈیا، سول سوسائٹی سمیت ہر فورم پر اس ظلم و زیادتی کے خلاف آواز بلند کریں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے اپنے ویڈیو پیغام میں آگاہ کیا ہے کہ وہ قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کررہے ہیں۔ پانچ نکاتی قراردادِ مطالبات کے متن کے مطابق ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے تمام ممبران پارلیمان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اغوا اور جبری مذہب تبدیلی واقعات کی متفقہ طور پر مذمت کریں ، سندھ اسمبلی کے متفقہ طور پر منظور کردہ جبری مذہب تبدیلی کے بل کو دوبارہ زیرغور لایا جائے، واضح رہے کہ مذکورہ بل شدت پسند عناصر کے دبا پر کھٹائی کا شکار ہوگیا تھا۔

قرارداد کے متن میں سینیٹ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا تذکرہ کرتے ہوئے بچوں کی شادی کی عمر 18سال مقرر کرنے کے قانون کی فوری منظوری اور ملک بھر میں عملی نفاذ کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے اغواکاروں کی سہولت کاری میں سرگرم سندھ کی متنازعہ شخصیات میاں مٹھو اور پیر ایوب جان سرہندی کو بھی ہدف تنقید بنایا، ڈاکٹر رمیش کا کہنا تھا کہ مذہب کے نام پر نفرتوں کا پرچار کرنے والوں کے خلاف کالعدم تنظیموں کی طرز پر سخت ایکشن لیا جائے، قرارداد کے متن کے مطابق ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے مطالبہ کیا ہے کہ ان نام نہاد مذہبی شخصیات سے پوچھا جائے کہ مردوں اور عمررسیدہ عورتوں کی بجائے صرف کم سن ہندو بچیاں ہی کیوں مذہب تبدیل کررہی ہیں ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے اپنی قرارداد میں مزید کہا کہ ایک امن پسند معاشرے کا قیام تمام پاکستانی شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اقلیت اور اکثریت کی بحث سے بالاتر ہوکر قائداعظم کے وژن پر برداشت، رواداری اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے مل جل کر جدوجہد کی جائے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات