پیپلزپارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک کی تمام اکائیوں کو ساتھ لیکر چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے ،چودھری محمد یاسین

مظبوط و مستحکم ،خوشحال پاکستان ہی کشمیریوں آزادی کا حقیقی ضامن ہے آزادی کشمیریوں کا مقدر بن چکی ہے، اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر اسمبلی

اتوار 24 مارچ 2019 18:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2019ء) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چودھری محمد یاسین نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک کی تمام اکائیوں کو ساتھ لیکر چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز شخصیت نے پاکستان بنایا اور ذوالفقار علی بھٹو شہید نے ایٹمی طاقت کی بنیاد رکھ کر پاکستان کو ناقابل تسخیر قوت بنایا۔

ایک مظبوط و مستحکم اور خوشحال پاکستان ہی کشمیریوں آزادی کا حقیقی ضامن ہے آزادی کشمیریوں کا مقدر بن چکی ہے۔وہ آج یہاں دوبئی میں یوم پاکستان کے ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔اس جلسہ سے پیپلزپارٹی کے راہنماؤں سردار جاویدیعقوب ،میاں منیر،حافظ محمد طارق،چوہدری اورنگزیب ،فاروق چیچی،اخلاق رشید چغتائی ،آصف چوہدری و دیگر نے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

چودھری محمد یاسین نے کہا ہے کہ کشمیری عوام نے پاکستان بننے سے قبل ہی اپنا رشتہ پاکستان کے ساتھ جوڑ دیا تھا اور پاکستان کو اپنی منزل قرار دیا تھا قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو اپنی شہ رگ قرار دیا تھا ۔پیپلزپارٹی آج بھی قاہد اعظم کے افکار کو اپنائے ہوئے ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے ذوالفقار علی بھٹو شہید ،محترمہ بینظیر بھٹو شہید مرد حر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری تک نے پاکستان کے استحکام کو مقدم رکھا ۔

وہ چاہے ذوالفقار علی بھٹو شہید کا ایٹمی پروگرام ہو یا آصف علی زرداری کا کھپے پاکستان کا نعرہ ہو احتساب برائے انتقام پیپلز پارٹی کے لیئے کوئی نئی بات نہیں،ماضی میں بھی پیپلز پارٹی کیخلاف سازشیں ہوتی رہی ہیں ۔پیپلزپارٹی عدالتوں سے نہیں ڈرتی،بلکہ ہمارے قائدین نے ہمیشہ عدالتوں کے اندر اپنے مقدمات کو صبر اور استقامت سے سامنا کیا اور سرخرو ہوہے۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے اپنی ترقی پسند سوچ متحرک شخصیت اور انتھک جد وجہد کے ذریعے پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کے لئے عظیم کا رنا مے انجا م دیئے۔انہوں نے بڑی بہادری اور ثابت قدمی سے آمریت کا مقابلہ کیااور بزدلانہ قاتلانہ حملے بھی ان کا حو حوصلہ اور عزم ختم نہ کر سکے، اسی طرح مرد حر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے انکی سوچ کو آگے لے کر چل رہے ہیں۔

آج جب احتساب کی بات ہوتی ہے تو بہت سے لوگوں کے لیئے یہ نئی بات ہوگی لیکن پیپلز پارٹی نے ایسے انتقامی احتساب کا کئی بار سامنا کیا ہے۔ آصف زرداری کو گیارہ سال ایسے مقدمات میں قید رکھا گیا جو ثابت بھی نہیں ہوسکے۔ایسی انتقامی سیاست کا ہم کئی بار مقابلہ کر چکے اب بھی کریں گے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک کی تمام اکائیوں ساتھ لیکر چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج نے کشمیریوں پر مظالم کا نیا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے روزانہ درجنوں افراد کو شہید و زخمی کیا جا رہا ہے حکومت پاکستان آپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اس مسئلہ کو سلامتی کونسل کے اجلاس میں اٹھائے انہوں نے کہا کہ لندن میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے تاریخ ساز احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے بھارتی حکومت سخت پریشانی کا شکار ہو چکی ہے ہم نے اب فیصلہ کیا ہے دنیا بھر میں بھارتی سفارتخانوں کے باہر مظاہرے کریں گے۔