پوری دنیا میں کراچی ایسا شہر ہے جہاں پختونوں ایک بڑی آبادی ہے۔ اتنی آبادی پشاور میں بھی پختونوں کی نہیں ہے، وزیر بلدیات سندھ

کراچی میں جتنی ترقی ہوئی ہے اس میں سب کا بھرپور کردار ہے لیکن یہ ترقی پختونوں کی بغیر کسی صورت ممکن نہیں تھی کراچی کی ترقی ملک کی ترقی ہے اور اس ترقی میں پختونوں کا بڑا کردار ہے، چیئرمین بلاول بھٹو 26مارچ سے ٹرین مارچ کررہے ہیں خواہش ہے پختون برادری بھی اپنے چیئرمین بلاول بھٹو کو 26مارچ کی صبح 9بجے کینٹ اسٹیشن پر ر وانہ کرنے پہنچیں، تقریب سے خطاب

اتوار 24 مارچ 2019 18:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2019ء) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں کراچی ایسا شہر ہے جہاں پختونوں ایک بڑی آبادی ہے۔ اتنی آبادی پشاور میں بھی پختونوں کی نہیں ہے ۔ کراچی میں جتنی ترقی ہوئی ہے اس میں سب کا بھرپور کردار ہے لیکن یہ ترقی پختونوں کی بغیر کسی صورت ممکن نہیں تھی ۔کراچی کی ترقی ملک کی ترقی ہے اور اس ترقی میں پختونوں کا بڑا کردار ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 26 مارچ سے ٹرین مارچ کررہے ہیں اس لئے میری خواہش ہے کہ پختون برادری بھی اپنے چیئرمین بلاول بھٹو کو 26 مارچ کی صبح 9.00 بجے کینٹ اسٹیشن پر ر وانہ کرنے پہنچیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز کورنگی میں نجی ہال میں اندڑ ویلفیئر آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام ان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے اندڑ ویلفیئر آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی چیئرمین حاجی ولی خان،مرکزی صدر سار گل خان، صوبائی صدر خان محمد خان، کراچی کے صدر حاجی محمد درانی،ضیا ولی خان، یونس خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ کورنگی کے صدر جاوید شیخ و دیگر عہدیداران بھی شریک تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ میں پوری برادری اور عہدیداران کا مشکور ہوں کہ مجھے یہاں مدعو کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات مسلم ہے کہ پوری دنیا میں کراچی ایسا شہر ہے جہاں پختونوں ایک بڑی آبادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں بھی اتنی بڑی آبادی پختونوں کی نہیں ہے اور نہ ہی پوری دنیا کہ کسی شہر میں اتنی بڑی آبادی اس برادری کی ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ ہم اس بات کو بھی تسلیم کرتے ہیں کہ کراچی میں جتنی ترقی ہوئی ہے اس میں سب کا بھرپور کردار ہے لیکن یہ ترقی پختونوں کی بغیر کسی صورت ممکن نہیں تھی کیونکہ جتنا سخت کام آپ کی برادری کے لوگ کرتے ہیں اتنا اور کوئی قوم نہیں کرتی۔

انہوںنے کہا کہ کراچی کی ترقی ملک کی ترقی ہے اور اس ترقی میں پختونوں کا بڑا کردار ہے۔انہوںنے کہا کہ ماضی میں بدامنی کی پہلی لہر کا شکار پختون برادری ہوئی اور انہوںنے اس شہر کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ لیکن اس برادری نے اس شہر کا حقیقی کردار ادا کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ اس برادری نے ہمیشہ اس شہر کو اوون کیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ جس طرح سب برادری نے مل کر اس شہر کو گلدستہ بنایا ہے آئندہ بھی پختون برادری اس میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس میں تمام برادری اور قومیتوں کے نمائندے موجود ہیں اور پختون برادری بھی ہمارا حصہ ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ہر اس اشیو پر آواز بلند کرتے ہیں، جس پر دیگر کوئی آواز بلند نہیں کرتے اور چیئرمین بلاول بھٹو نے ہمیشہ پختون برادری کے لئے آواز بلند کی ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں خود پختون نہیں لیکن مجھے کامیاب کروانے میں پختونوں کا بڑا کردار ہے اور اس بات کی نفی کی کہ پختون صرف پختون کو ووٹ دیتا ہے۔

انہوںنے کہا کہ میرے حلقہ انتخاب میں پختون اور دیگر قومیتوں کے امیدوار تھے لیکن مجھے تمام قومیتوں اور برادی کے لوگوں نے ووٹ دئیے۔ سعید غنی نے کہا کہ ہماری پارٹی کا منشور ہے کہ تمام قومیتوں اور برادریوں کو ساتھ لے کر چلیں اور میں یقین دہانی کراتا ہوں کہ ہم پختونوں کے ہر مسائل کے حل کے لئے ہر دم کوشاں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں آج میں اس تقریب میں شرکت کرکے مجھے انتہاہی خوشی ہوئی ہے۔ اس موقع پر انہوںنے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 26 مارچ سے ٹرین مارچ کررہے ہیں اس لئے میری خواہش ہے کہ پختون برادری بھی اپنے چیئرمین بلاول بھٹو کو 26 مارچ کی صبح 9.00 بجے کینٹ اسٹیشن پر ر وانہ کرنے پہنچیں تاکہ ان کا حصہ بھی جمہوریت کی بقا اور سلامتی میں موجود رہے۔