نیب میں انڈرٹرائل ملزم عقیل کریم ڈھیڈی کو ستارہ امتیاز مل گیا

عقیل کریم پراحتساب عدالت میں82 ارب کا کرپشن کیس چل رہا ہے، عقیل کریم کیخلاف22 فروری کو وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیا گیا تھا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 24 مارچ 2019 18:58

نیب میں انڈرٹرائل ملزم عقیل کریم ڈھیڈی کو ستارہ امتیاز مل گیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 مارچ 2019ء) نیب میں انڈرٹرائل ملزم معروف کاروباری شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی کو ستارہ امتیاز سے نواز دیا گیا، عقیل کریم پر احتساب عدالت میں 82 ارب کا کرپشن کیس چل رہا ہے، عقیل کریم کیخلاف22 فروری کو وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا سنانے والی احتساب عدالت نے 82 ارب کے کرپشن کیس میں انڈر ٹرائل ملزم عقیل کریم ڈھیڈی کے 22 فروری کو وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں عقیل کریم ڈھیڈی کے خلاف اوگرا کرپشن کیس زیر سماعت ہے۔ عقیل کریم ڈھیڈی نے احتساب عدالت میں حاضری سے استثنیٰ حاصل کر رکھا ہے لیکن وہ خود اور ان کے وکیل عدالت میں پیش نہیں ہو رہے تھے جس کے باعث احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے مسلسل غیر حاضری کے باعث وارنٹ گرفتاری جاری کئے اور عقیل کریم ڈھیڈی کو 6 مارچ کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔

(جاری ہے)

لیکن ملزم عقیل کریم ڈھیڈی کو ایک ماہ بعد 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں ستارہ امتیازسے نواز دیا گیا۔ واضح رہے کاروباری شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی کوقومی اعزاز دینے کیلئے نامزدگی کے اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا تھا۔ میاں کاشف محمود نے فیاض احمد رانجھا ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں مئوقف اپنایا کہ وفاقی کابینہ نے 23مارچ کے موقع پر 127شہریوں کو پاکستانی کا اعلی سول ایوارڈ دینے کی منظوری دی ہے۔

فہرست میں شامل کاروباری شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی کے نام پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عقیل کریم ڈھیڈی نیب کے ملزم اور ان پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں۔ ڈیکوریشن ایکٹ 1975کے تحت سول ایوارڈ کسی ملزم کونہیں دیا جا سکتا۔سائنس، آرٹس اور ادب کے میدان میں اعلی خدمات سرانجام دینے والوں کو ہی سول ایوارڈ سے نوازا جا سکتا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عقیل کریم ڈھیڈی کا نام سول ایوارڈ کی فہرست سے خارج کرنے کا حکم دے۔