Live Updates

نامور بین الاقوامی برانڈ نے ’عمران سینڈل‘ کے نام سے پشاوری چپل متعارف کرادی

اتوار 24 مارچ 2019 21:30

نامور بین الاقوامی برانڈ نے ’عمران سینڈل‘ کے نام سے پشاوری چپل متعارف ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2019ء) بین الاقوامی شہرت یافتہ فیشن ڈیزائنر برانڈ کرسچن لوبوٹن نے ’عمران سینڈل‘ کے نام سے پشاوری چپل متعارف کرادی۔میڈیا رپور ٹ کے مطابق فرانس سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت فیشن ڈیزائنر کرسچن لوبوٹن نے پشاوری چپل کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث اسے دنیائے فیشن میں ایک بار پھر متعارف کرانے کا فیصلہ کیا۔

کرسچن لوبوٹن کی جانب سے متعارف کرائی گئی چپل کے حوالے سے یقین سے نہیں کہا جا سکتا کہ بین الاقوامی سطح پر مشہور برانڈ نے بھی عمران خان سے متاثر ہو کر یہ چپل متعارف کرائی ہے یا پھر اس چپل کے ذریعے فیشن ڈیزائنر نے پاکستانی آرٹسٹ عمران قریشی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔

عمران سینڈل کا تلوا لال رنگ اور اس کا اوپری حصہ چمکدار اور نوکیلے اسٹڈ پر مشتمل ہے جس پر لوبوٹن کا لوگو بھی نمایاں ہے۔

(جاری ہے)

کرسچن لوبوٹن کی جانب سے عمران سینڈل کی قیمت کے بارے میں ابھی اعلان نہیں کیا گیا اس لیے پشاوری چپل کے شیدائیوں کو اس کی تعارفی قیمت کا بے چینی سے انتظار رہے گا۔اس سے قبل انگش فٹ ویئر سر پال اسمتھ نے بھی 2014 میں پشاوری چپل کو رابرٹ کے نام سے متعارف کرایا تھا اور اس کی تعارفی قیمت 300 ڈالر رکھی گئی تھی اس کے علاوہ فورایور21 نے بھی 2017 میں کولاپوری چپل کو اپنے نام سے متعارف کرایا تھا۔

عمران قریشی 1972 میں حیدرآباد میں پیدا ہوئے اور انہوں نے نیشنل کالج آف آرٹس لاہور سے فائن آرٹس میں بی اے کی ڈگری لی جہاں وہ اب ایک استاد کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔عمران قریشی کو 2016 میں آرٹ ناؤ لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا اور انہیں 2013 اور 2015 میں ڈوئچے بینک کا آرٹسٹ آف دی ایئر قرار دیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات